کراچی میں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ، پارہ 41.5 ڈگری تک پہنچ گیا
محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں بدھ کے روز پارہ 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے بعد سال کا اب تک کا گرم ترین دن رہا۔
رواں سال موسم گرما میں 10 روز قبل پہلی بار درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا تھا۔
19 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا تھا، جو مئی میں ماہانہ اوسط درجہ حرارت 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ اور 2024 کے دوران اُس وقت تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ظاہر کرتا ہے۔
تاہم محکمہ موسمیات کے آج کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو شہر کے عام درجہ حرارت 35.8 سینٹی گریڈ سے 5.7 ڈگری زیادہ ہے۔
دریں اثنا کراچی میں ریجنل میٹرولوجیکل سینٹر (آر ایم سی) کی جانب سے موسم کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’گرمی کی لہر کراچی ڈویژن، ٹھٹہ، بدین اور سجاول کے اضلاع میں آج سے یکم جون تک رہنے کا امکان ہے اور کراچی میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ٹھٹہ، بدین اور سجاول میں 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
اسسٹنٹ میٹرولوجسٹ ارشد علی نے رپورٹ میں کہا کہ ’صوبے کے بیشتر حصوں میں یکم جون تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔‘
پی ایم ڈی نے اس سے قبل 28 اور 29 مئی کو سندھ میں گرد و غبار کے طوفان اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی تھی۔