پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کا فیصلہ
پنجاب بھر کی جیلوں میں بھکاریوں کیلئے بیرک مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جب کہ سیکریٹری داخلہ پنجاب نے صوبے کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانےکی بھی ہدایت کردی۔
’ڈان نیوز ’ کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ کیا اور جیل میں ملاقاتیوں کےکمرے، کچن، جیل ہسپتال، مرد اور خواتین کی بیرکس کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کامران اور سپرنٹنڈنٹ جیل علی اکبر نے سیکریٹری داخلہ کو بریفنگ دی۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا کو جیل کی ہوا دکھائی جائے گی اور قانون اپنا راستہ لےگا۔
پنجاب کی جیلوں میں ملاقاتیوں کے کمروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ گرمی کے موسم میں ملاقاتی کمرے میں ایئر کنڈیشنڈ کا استعمال کیا جائے۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی ہدایت بھی کی۔