• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

بلوچستان: تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ کو حادثہ، 28 افراد جاں بحق

شائع May 29, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع واشک میں تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 28 افراد جاں بحق جبکہ دیگر 22 زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور بس کے ٹائر برسٹ ہوجانے کی وجہ سے پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں

زخمیوں اور میتوں کو سول ہسپتال بسیمہ منتقل کیا گیا، طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لیے زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا جائے گا۔

لیویز حکام کا کہنا ہےکہ حادثے میں 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کئی افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جس کے باعث اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر بسیمہ اسمٰعیل مینگل نے بتایا کہ مسافر کوچ رات کو تربت سے روانہ ہوئی تھی، اور صبح 4 بجے کے قریب حادثہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جائے وقوع پر موبائل نیٹ ورک اور قریب کوئی آبادی نہ ہونے کے باعث لیویز کنٹرول کو اطلاع تاخیر سے ملی۔

بعد ازاں وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بسیمہ حادثے کے زخمیوں کو طبی اماد کی فراہمی کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے سے کوئٹہ منتقل کرنے کا حکم دے دیا جس کے بعد حکومت بلوچستان کا ہیلی کاپٹر زخمیوں کو لینے کے لیے پنجگور روانہ ہوگیا۔

اپنے بیان میں وزیر اعلٰی بلوچستان نے ہدایت کی کہ شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کرکے کا بہتر اور فوری علاج شروع کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر علی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر حادثے کے 10 شدید زخمیوں کو کچھ دیر میں کوئٹہ منتقل کر دیا جائے گا۔

بعد ازاں حکومت کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 9 شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جب کہ بلوچستان حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 13 لاشوں کو کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔

اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع واشک میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے وزیرا عظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس مشکل گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ افسوسناک حادثے میں جانی نقصان پر دلی رنج اور صدمہ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

دریں اثنا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بس حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرا دکھ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے ہدایت کی کہ حادثے میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، سرفراز بگٹی نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024