• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

فوج کے بارے میں کوئی بات نہیں ہے، 1971 سے موازنہ سیاسی تناظر میں کیا، بیرسٹر گوہر

شائع May 29, 2024
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر— فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اکاؤنٹس سے ہونے والی ٹوئٹس اور ویڈیوز سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کا ان ٹوئٹس سے کوئی تعلق نہیں ہے، نہ خان صاحب نے اس کا مواد دیکھا اور نہ ہی بقیہ چیزیں دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس بارے میں علم بھی نہیں، ہر پوسٹ یا ویڈیو جو ڈالی جاتی ہے وہ ان کے کہنے پر نہیں ہوتی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم 1971 سے موازنہ سیاسی تناظر میں کرنا چاہتے تھے، فوج کے بارے میں کوئی بات نہیں ہے اور ہم نے یہ بات سیاسی تناظر میں کہی تھی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے اکاؤنٹ پر 26 مئی کو ایک پوسٹ میں ان کی سوشل میڈیا ٹیم نے ویڈیو شیئر کی تھی جس کے کیپشن میں عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا گیا کہ ہر پاکستانی کو حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور یہ جاننا چاہیے کہ اصل غدار کون تھا، جنرل یحییٰ خان یا شیخ مجیب الرحمٰن۔

ویڈیو میں خانہ جنگی کے دوران پاکستانی فوج کی طرف سے مبینہ مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی ٹوٹ پھوٹ کا اصل ذمہ دار سابق فوجی آمر کو قرار دیا گیا تھا۔

ویڈیو میں موجودہ سویلین اور عسکری قیادت کی تصاویر کو ایک دوسرے سے ملاتے ہوئے الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے عام انتخابات میں پارٹی کا مینڈیٹ چرایا۔

پی ٹی آئی نے اس حوالے سے کہا کہ رپورٹ میں 1947 سے 1971 تک مشرقی پاکستان میں سیاسی اور فوجی مداخلت میں پاکستانی فوج کے کردار کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف نے کہا کہ اس رپورٹ کی تمام 12 کاپیاں پراسرار طور پر یا تو چوری ہوگئیں یا تباہ ہوگئیں اور گزشتہ دو سالوں کے دوران پیش آنے والے واقعات کی سقوط ڈھاکا سے مماثلت پر سوالات کھڑے ہوتے ہیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے اس پوسٹ کو حکومتی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ(ن) کی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی ملک و فوج کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، انہوں نے ایسی زبان استعمال کی کہ اگر کوئی اور ہوتا تو زبان کاٹ دیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آ گیا، 190 ملین پاؤنڈز نواز شریف نے نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی نے چرائے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کا شیخ مجیب سے موازنہ کر کے نفرت اور اشتعال انگیزی کے بیانیے کو ہوا دے رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024