• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیر اعظم کی مارگلہ کی پہاڑیوں پر لگی آگ بجھانے کی ہدایت

شائع May 28, 2024
فوٹو: اے پی پی
فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے مارگلہ کی پہاڑیوں میں لگی آگ بجھانے کی ہدایت کی ہے جہاں مارگلہ ہلز میں ٹریل تھری پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ ٹریل فائیو پر لگی آگ کو بجھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

آگ تین مقامات ٹریل 3 اور 5 کے درمیان قائد اعظم یونيورسٹی کے قریب اور سیدپور میں لگی جبکہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہيں ہو سکیں۔

ترجمان کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کے مطابق مارگلہ ہلز پر لگی آگ کو بجھانے کا عمل جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ سید پور رینج ٹریل تھری پر لگی اور نور پور رینج ٹریل فائیو کی طرف پھیلی جسے بجھانے کے لیے سی ڈی اے کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔

سی ڈی اے کے 65 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ این ڈی ایم اے کی طرف سے پر آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹر بھی مہیا کیے گئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے چھ ایوی ایشن اسکوارڈن اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز آگ بجھانے ميں معاونت کر رہے ہیں۔

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق ٹریل تھری پرلگی آگ پر قا بو پا لیا گیا ہے جبکہ ٹریل فا ئیو پر لگی آگ کو بجھانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ترجمان کے مطابق آگ پر جلد قا بو پانے کے لیے مزید ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ڈی جی انوائرمنٹ خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر کی ہدایت پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر موقع پر موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تیزہوا اور گرم موسم کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جارہے ہیں۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مارگلہ کی پہاڑیوں پر دوبارہ آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو جلد متحرک ہو کر آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائیوں کے آغاز کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مزید پھیلنے سے پہلے آگ پر جلد قابو پایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آگ سے کسی انسانی جان کو خطرہ نہ ہو۔

12ہزار 605 ہیکٹر پر پھیلے ہوئے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہر سال کئی مرتبہ آگ لگتی ہے جو جنگلات کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی کا سبب بھی بنتی ہے۔

پیر کو سید پور رینج میں دو مختلف مقامات چرن دی گلی اور سید پور کے علاقے میں دوپہر ایک بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی تھی۔

ڈائریکٹر ماحولیات آصف مجید نے کہا تھا کہ دونوں آگ موسمی تھیں اور 200 سے زائد فائر فائٹرز نے بجھانے کی کوششوں میں حصہ لیا تھا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی درخواست پر سی ڈی اے کی جانب سے فائر سیزن کے لیے مقامی فائر فائٹرز کے ساتھ ساتھ دفاعی حکام اور وزیر اعظم کے دفتر کے تین ہیلی کاپٹروں نے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024