• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

ای سی سی کا پنجاب کے 2 فرٹیلائزر یونٹس کیلئے گیس سستی کرنے کا حکم

شائع May 28, 2024
رائٹرز:فائل فوٹو
رائٹرز:فائل فوٹو

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پنجاب کے دو فرٹیلائزر یونٹس کے لیے گیس سستی کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی سی نے پیر کو وفاقی کابینہ کے پچھلے فیصلے کو تبدیل کرتے ہوئے پنجاب میں قائم دو فرٹیلائزر پلانٹس کے لیے 1597 روپے فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) کی موجودہ شرح سے 30 ستمبر تک گیس کی مسلسل فراہمی کا حکم دیا اور 15 ارب روپے سے زائد کے مالیاتی اثرات کو دوسرے صارفین پر منتقل کرنے کا حکم بھی دیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) پر مبنی پلانٹس کو 31 مارچ سے 30 ستمبر تک 6 ماہ کی مدت کے لیے کام کرنے کی اجازت دینے کی تجویز کو بھی منظور کیا، تاکہ خریف سیزن کے لیے یوریا کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اصل سپلائی پر منحصر 15 سے 17 ارب کا مالیاتی اثر گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں شامل ہوگا، حالانکہ حال ہی میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اگلے مال سال کے لیے گیس یوٹیلٹیز کی آمدنی کی ضروریات کے تعین میں اس کی اجازت نہیں دی ہے۔

ای سی سی کو دی گئی تازہ ترین سمری میں کہا گیا ہے کہ “ایس این جی پی ایل پر مبنی پلانٹس یعنی فاطمہ فرٹ (شیخوپورہ) اور ایگریٹیک کو 31 مارچ سے 30 ستمبر 2024، 6 ماہ تک اوگرا کی نوٹیفائیڈ قیمتوں یعنی 1597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر کام کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔’’

اس طرح کی سپلائی کے لیے آر ایل این جی کے ساتھ گیس کی قیمت کے کسی بھی فرق کو، ایس این جی پی ایل کی آمدنی کی ضروریات کے ذریعے ریکوری کے لیے آر ایل این جی کو گھریلو شعبے کی طرف موڑا جاسکے گا۔

سمری میں پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت دی گئی ہیں کہ وہ اس بات کو یقنی بنائے کہ فوجی فرٹیلائزر بن قاسم لمیٹڈ کو زیادہ سے زیادہ گیس پریشر فراہم کیا جائے۔

17 ارب روپے مالیاتی اثرات گھریلو صارفین تک پہنچائے جائیں گے

اس سے قبل حکومت نے حال ہی میں فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس کی فراہمی پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کابینہ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ متفقہ طور پر اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس سبسڈی والے نرخوں کے بجائے پوری قیمت پر فراہم کی جانی چاہیے۔

اس وقت کھاد کے لیے گیس کی قیمت 1,597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے حالانکہ اس میں اس سال فروری میں کافی اضافہ کیا گیا تھا لیکن پھر بھی اس میں تقریباً 217 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سبسڈی موجود ہے۔ کابینہ کے فیصلے کے تحت حکومت نے اسے بڑھا کر 1814 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنا تھا۔

کابینہ کے منٹس میں نوٹ کیا گیا کہ صنعت و پیداوار کی وزارت نے کسانوں کو براہ راست سبسڈی فراہم کرنے کی تجویز دی تھی اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ فرٹیلائزر پلانٹس کو سبسڈی والی گیس کے فوائد کسانوں تک نہیں پہنچ پائے ہیں، جس کا اندازہ یوریا کی قیمتوں سے لگایا جاسکتا ہے لہذا فرٹیلائزر سیکٹرز کو فراہم کی جانے والی سبسڈی کو ختم کیا جائے۔

وزارت خزانہ نے قیمتوں کے نتیجے میں ہونے والے فرق کو پورا کرنے کے لیے گیس پر مزید سبسڈی دینے کی بھی حمایت نہیں کی کیونکہ وزارت پیٹرولیم کا موقف تھا کہ اوگرا کی جانب سے نوٹیفائیڈ قیمت پر فرٹیلائزر پلانٹس کو گیس فراہم کرنے کی صورت میں قیمتوں میں فرق ہوگا، اس صورت میں یا تو گھریلو صارفین کو یہ بوجھ برداشت کرنا ہوگا یا وزارت خزانہ کی طرف سے انہیں سبسڈی دینا ہوگی۔

ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے کے بعد بااثر فرٹیلائزر کی لابی حرکت میں آگئی ہے اور انہوں نے وزیراعظم سمیت ہر دستیاب فورم کا استعمال کیا جس کے بعد گیس کی قیمتوں کے مسائل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، اور پھر کابینہ فیصلے میں ترمیم کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024