• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پنجاب: آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق

شائع May 26, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیک وقت طوفان سے ہونے والے نقصانات اور شدید گرمی کے چیلنج کا سامنا کرنے والے پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کی وجہ سے آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 6 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کی رات سیالکوٹ اور راولپنڈی اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے اور وہ صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں، انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد اور مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ چوکس اور فعال رہیں، انہوں نے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طوفان کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کے لیے بہترین طبی سہولیات کو یقینی بنانا ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو متاثرہ علاقوں میں مؤثر امدادی کارروائیاں شروع کرنے اور پی ڈی ایم اے کو مزید بارشوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

سندھ میں شدید گرمی

سندھ کے وسطی اور بالائی علاقے ہفتہ کو مسلسل پانچویں روز ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے اور کم از کم 8 شہروں میں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دادو اور موہنجوداڑو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد جیکب آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ، پڈعیدن اور شہید بینظیر آباد میں48 ڈگری سینٹی گریڈ، سکھر، روہڑی اور لاڑکانہ میں 47.5 ڈگری سینٹی گریڈ، خیرپور میں47.4 ڈگری سینٹی گریڈ، سکرنڈ میں 46.5، میرپورخاص میں 43.5، حیدرآباد میں 44، بدین میں 42.2، ٹھٹھہ میں 37.5، چھور میں 46، مٹھی میں 45.5 اور ٹنڈوجام میں 44.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں 58 فیصد نمی کے ساتھ درجہ حرارت 37.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ کی روزانہ کی ایڈوائزری کے مطابق، اتوار (آج) کو صوبے کے بالائی اور وسطی علاقوں میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بالترتیب 6-8 ڈگری اور 4-6 ڈگری زیادہ رہے گا۔

زیریں سندھ میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2-4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا تاہم کراچی میں یہ معمول سے 2-3 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوگا۔

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسمعیل خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے بعد بنوں میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ اور پشاور میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب میں ہیٹ ویو

پنجاب شدید ہیٹ ویو کا سامنا کر رہا ہے کیونکہ 27 مئی سے درجہ حرارت 45-48 تک پہنچنے کی توقع ہے، جو صحت عامہ اور حفاظت کے لیے ایک اہم خطرہ ہے۔

بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے اضلاع خاص طور پر شدید گرمی کی لہر کا شکار ہیں۔

اے پی پی کے مطابق بہاولپور کو شدید گرم موسم کا سامنا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، باقی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں ہنگامی حالات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، مزید برآں، حکام نے ہیٹ ویو سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے پورے خطے کے ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹر قائم کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024