• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت: ریاست گجرات کے گیمنگ زون میں آگ لگنے سے 9 بچوں سمیت 27افراد ہلاک

شائع May 25, 2024
آگ لگنے کے بعد گیمنگ زون کا ڈھانچہ ڈھے گیا— فوٹو: رائٹرز
آگ لگنے کے بعد گیمنگ زون کا ڈھانچہ ڈھے گیا— فوٹو: رائٹرز

بھارتی ریاست گجرات کے علاقے راجکوٹ کے گیمنگ زون میں آگ لگنے کے نتیجے میں 9 بچوں سمیت کم از کم 27 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راجکوٹ کے پولیس کمشنر نے بتایا کہ گیمنگ زون میں دوپہر میں آگ لگی تھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور مزید تفتیش کے لیے انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ گیمنگ زون یوراج سنگھ سولنکی نامی شخص کی زیر ملکیت ہے، گیمنگ زون کے خلاف غفلت برتنے اور اموات کا مقدمہ کیا جائے گا۔

پولیس کمشنر نے کہا کہ ابھی میں آگ لگنے کی وجوہات نہیں بتا سکتا اور اس بارے میں تحقیقات کی جائیں گی، ریسکیو آپریشن جاری ہے اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں کام کررہی ہیں۔

آگ لگنے کی وجہ سے گیمنگ زون کا ڈھانچہ ڈھے گیا جس کی وجہ سے واقعے میں مزید اموات کا بھی اندیشہ ہے۔

پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر ونایک پٹیل نے کہا کہ تمام لاشیں مکمل طور پر جل چکی ہیں اور ان کی شناخت بہت مشکل ہے جبکہ پولیس نے گیمنگ زون کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔

راجکوٹ کے ایم ایل اے درشیتھا شاہ نے کہا کہ آج بہت افسوسناک واقعہ پیش آیا، راجوٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا واقعہ پیش آیا ہے جہاں آگ لگنے کے نتیجے میں لوگوں کی اموات ہوئی ہیں، حکومت ان لوگوں کے خلاف کارورائی کرے گی جن کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 4 لاکھ فی کس معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ کے ایک افسر نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم ہونا باقی ہے اور آگ بجھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ابھی تک ہمیں کسی فرد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، میں تیز ہوا اور آگ لگنے کی وجہ سے ڈھانچہ ڈھے جانے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گیمنگ زون کے اندر جانے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ حادثے میں کتنے افراد کی اموات ہوئی جبکہ شہر کے تمام گیمنگ زونز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے آپریشن بند کردیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ راجکوٹ میں آتشزدگی کے حادثے سے انتہائی غمزدہ ہوں، میری دعائیں ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا جبکہ انتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ گجرات بھوپندر پٹیل نے کہا کہ راجکوٹ کے گیمنگ زون میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024