ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے جو ان کھلاڑیوں پر مشمل ہے۔
بابراعظم ( کپتان )، صائم ایوب، محمد رضوان، فخرزمان، اعظم خان، عثمان خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، محمد عامر، عباس آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
عثمان خان، اعظم خان، ابرار احمد، عباس آفریدی اور صائم ایوب پہلی بار ٹی20 ورلڈ کپ کھیلیں گے۔
سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹیم متوازن ہے جس میں تجربہ کار اور نوجوان کرکٹرز شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف فٹ ہیں اور ٹی20 ورلڈ کپ میں ان کا کردار بہت اہم ہوگا۔
ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا سپورٹ اسٹاف ان افراد پر مشتمل ہے۔
وہاب ریاض (سینئر ٹیم منیجر)، منصور رانا (ٹیم منیجر)، گیری کرسٹن (ہیڈ کوچ)، اظہرمحمود(اسسٹنٹ کوچ)، سائمن ہیلمٹ(فیلڈنگ کوچ)، ڈیوڈ ریڈ (مینٹل پرفارمنس کوچ)، آفتاب خان(ہائی پرفارمنس کوچ)، کلف ڈیکن(فزیوتھراپسٹ)، ارتضٰی کمیل(چیف سکیورٹی آفیسر)، محمد عمران (مساجر)، محمد خرم سرور (ٹیم ڈاکٹر)، طلحہ اعجاز(انالسٹ)، رضا کچلیو(میڈیا اینڈ ڈیجیٹل منیجر) اور ڈریکس سائمین(اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان آج شام ہونا تھا لیکن چیئرمین پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی کے عمل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کا اعلان چند گھنٹوں کے لیے موخر کردیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے لیے جو ٹیم منتخب کی گئی تھی، اس پر تمام سلیکٹرز متفق نہیں لہٰذا آج شام 7 بجے تک دوبارہ سلیکٹرز کی مشاورت کے بعد اعلان متوقع ہے۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان گروپ اے میں شامل ہے۔
گروپ اے میں پاکستان کے ساتھ ساتھ روایتی حریف بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا بھی موجود ہیں۔
پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں پاکستان اور کینیڈا 11جون کو مدمقابل ہوں گی جبکہ گرین شرٹس اپنا آخری گروپ میچ آئرلینڈ کے خلاف 16 جون کو کھیلیں گے۔