• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے، شدید گرمی سے شہری پریشان

شائع May 24, 2024
مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا — فائل فوٹو: ڈان
مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا — فائل فوٹو: ڈان

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہیں اور کچھ علاقوں میں یہ دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا انتباہ بھی کسی کام نہ آیا، شدید گرم موسم میں بھی کراچی کے شہریوں کو سہولت دینے کے بجائے بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 15 گھنٹے تک پہنچ گیا، جب کہ لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی 4 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، تاہم کے الیکٹرک کی جانب سے طویل لوڈشیڈنگ کی تردید کی گئی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا، ملیر کالابورڈ کی درخشاں سوسائٹی میں رات ڈھائی گھنٹے بجلی بند رہی اور صبح 8 بجے دوبارہ بجلی بند کردی گئی۔

لوئر گزری کلفٹن کے علاقے بخشن ولیج میں رات گئے 3 گھٹے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، علاقہ مکینوں نے کہا کہ پہلے رات میں 2 سے 3 بجے تک بجلی جاتی تھی لیکن کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ بجلی کا دورانیہ رات 2 سے 5 بجے تک بڑھا دیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق علاقے میں 24 گھنٹے میں سے صرف ساڑھے 8 گھنٹے بجلی آتی ہے، کے الیکٹرک ہمارے علاقے کو لو ریکوری علاقہ کہتی ہے لیکن بجلی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے وہ پورے علاقے میں 15 گھنٹے سے زائد کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کررہی ہے، ہم پیڈ بلز لے کر کے الیکٹرک کے دفتر بھی گئے لیکن ہماری شنوائی نہیں ہوئی۔

اس کے علاوہ قائد آباد میں بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے، رات بھر بجلی سے محروم علاقے میں کچھ دیر کے لیے بجلی بحال ہوئی تو صبح 7 بجے دوبارہ بند کردی گئی۔

لائنر ایریا میں رات گئے بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث چھوٹے اور تنگ مکانوں میں رہائش اختیار کرنے والے شہری شدید پریشانی میں مبتلا رہے، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی کے مختلف سیکٹر میں بھی بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہا۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ شہر میں طویل لوڈشیڈنگ کی تردید کرتے ہیں، لوڈشیڈنگ کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 10 گھنٹے ہے، لوڈشیڈنگ ویب سائٹ پر دیئے گئے شیڈول کے مطابق کی جاتی ہے، تاہم لوڈشیڈنگ علاقےمیں ہونے والی بجلی چوری اور نقصانات کی شرح پر منحصر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024