• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہیٹ ویو کے پیش نظر کے الیکٹرک 21 سے 29 مئی تک لوڈشیڈنگ ختم کرے، ایم کیو ایم کا مطالبہ

شائع May 21, 2024
—فائل فوٹو:
—فائل فوٹو:

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ ہیٹ ویو کے پیش نظر کے الیکٹرک 21 سے 29 مئی تک لوڈشیڈنگ ختم کرے۔

ڈان نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ شہریوں کی اموات کی وجہ بن سکتی ہے، بیشتر علاقوں میں 12گھنٹوں سے زائد لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ جاری رہی تو نقص امن کی ذمہ دار کے الیکٹرک ہوگی، 40 ڈگری سینٹی گریڈ میں سراپا احتجاج لوگوں کو روکنا کسی کے بس میں نہیں ہوگا۔

متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا تھا کہ وزیر توانائی ہیٹ ویو کے دوران کراچی کو لوڈشیڈنگ سے مستشنیٰ قرار دیں۔

واضح رہے کہ 17 مئی کو محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ اگلے 10 دنوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں کو شدید گرمی کی لہریں اپنی لپیٹ میں لے لیں گی۔

مزید بتایا تھا کہ سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی تک دن کے وقت کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ 23 سے 27 مئی تک 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 21 سے 27 مئی تک دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا تھا، جس کے بعد وزیر تعلیمی بورڈ اور جامعات سندھ کے حکم پر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 21 سے 27 مئی کے درمیان ہونے والے میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے تھے۔

تاہم اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں۔

سردار سرفراز نے بتایا تھا کہ کل پارہ 36 ڈگری رہا، آج بھی 35 یا 36 ڈگری درجہ حرارت تک جانے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتہ دس دن تک اسی طرح کا موسم رہے گا، اگلے ہفتہ، 10 دن تک درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024