• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

رحیم یار خان اور گردونواح میں پارہ 47 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، ہیٹ اسٹروک کا الرٹ

شائع May 21, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں ہیٹ اسٹروک کا الرٹ جاری کر دیا گیا جبکہ گرمی کی شدید لہر برقرار ہے اور رحیم یار خان اور گردونواح میں پارہ 47 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شدید گرمی کے باعث سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے اور دفاتر میں بھی حاضری کم ہے۔

ڈائریکٹر جنرل صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کا کہنا تھا کہ 27 مئی تک ہیٹ ویو کے خدشہ ہے، ڈی جی پی ڈی ایم کی ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت دی کہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، تمام محکمے باہمی تعاون سے ہیٹ ویو کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

انتظامی افسران نے ڈی جی پی ڈی ایم اے کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی، انہیں بتایا گیا کہ تھل و چولستان کے اضلاع میں واٹر باؤزرز مہیا کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، شہر بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری شدید گرمی کے دوران گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔

طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ شہری چہرہ اور سر ڈھانپ کرگھروں سے باہر نکلیں، ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

واضح رہے کہ 17 مئی کو صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے رواں ماہ ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کیا تھا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا تھا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 18 مئی تک گرد آلود ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کے امکانات ہیں، 21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق موسم خشک اور درجہ حرارت نارمل سے 6 ڈگری زیادہ تک رہے گا۔

ترجمان کے مطابق عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024