• KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:53pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:48pm
  • ISB: Maghrib 7:21pm Isha 9:03pm
  • KHI: Maghrib 7:25pm Isha 8:53pm
  • LHR: Maghrib 7:11pm Isha 8:48pm
  • ISB: Maghrib 7:21pm Isha 9:03pm

وزیر اعظم کا ایرانی صدر، دیگر حکومتی شخصیات کے المناک انتقال پر کل ملک بھر میں سوگ کا اعلان

شائع May 20, 2024
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر حکومتی شخصیات کے المناک انتقال پر منگل (کل) کو ملک بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے، پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر ایرانی معززین کے انتقال پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے منگل 21 مئی 2024 کو پاکستان میں قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب حکومت سندھ نے بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں وفات پر صوبے میں کل یوم سوگ کا اعلان کردیا۔

حکومت سندھ نے صدر ابراہیم رئیسی اور دیگر معززین کے انتقال پر ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ برادرانہ یکجہتی کے اظہار کرتے ہوئے صوبے میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے، جس کے باعث کل پورے صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

آج صبح حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا تھا جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئی تھیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ایرانی میڈیا ’مہر‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

سینئر ایرانی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ ’صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام مسافر حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔‘

بعدازاں ایرانی حکام نے بھی ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی موت کی تصدیق کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024