• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، آن لائن اسلحے کی خرید و فروخت میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

شائع May 20, 2024
چوہدری صفدر نے بتایا کہ آن لائن خریدا جانے والا 50 فیصد اسلحہ مختلف جرائم میں استعمال کیا جارہا ہے — فائل فوٹو: اے پی
چوہدری صفدر نے بتایا کہ آن لائن خریدا جانے والا 50 فیصد اسلحہ مختلف جرائم میں استعمال کیا جارہا ہے — فائل فوٹو: اے پی

کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے اسٹرنگ آپریشن کے ذریعے دو مختلف کارروائیوں میں آن لائن اسلحے کی خرید و فروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے اسٹرینگ آپریشن کے ذریعے دو مختلف کارروائیوں میں آن لائن اسلحے کی خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کو مبینہ ٹاؤن اور سمن آباد سے گرفتار کیا۔

ڈی ایس پی سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن چوہدری صفدر نے بتایا کہ گروہ نے سوشل میڈیا پر مختلف پیجز بنا رکھے ہیں جن کے ذریعے اسلحہ فروخت کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان پہلے نصف رقم وصول کر لیتے ہیں اور بقایا رقم اسلحہ گھر پہنچنے پر دینی ہوتی ہے، وہ یہ نہیں پوچھتے کہ لائسنس ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی ٹی نے اسٹرنگ آپریشن کیا اور اسلحے کی بکنگ کرائی، جیسے ہی اسلحہ دینے آیا تو ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جبکہ دوسری کارروائی اس اطلاع پر کی گئی کہ ملزم اسلحہ دے کر جاچکا ہے، جس میں اسلحہ منگوانے والے کو بھی گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا۔

چوہدری صفدر نے بتایا کہ آن لائن خریدا جانے والا 50 فیصد اسلحہ مختلف جرائم میں استعمال کیا جارہا ہے، جبکہ بقایا یونیورسٹی کے شوقین طالبعلم ہوائی فائرنگ کے لیے منگواتے ہیں۔

گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش آن لائن اسلحہ فروخت کرنے والی درہ آدم خیل میں خان آرمز کمپنی کا نام بھی افشاں کیا۔

ڈی ایس پی سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار ملزم کے بیان پر ہم پی ٹی اے کو آن لائن اسلحہ فروخت کرنے والوں کے سوشل میڈیا پر موجود پیجز کو بلاک کرنے کے علاوہ ان کے خلاف کارروائی کے لیے خیبر پختونخوا حکام کو بھی نشاندہی کرکے کارروائی کی سفارش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی سے کراچی میں اسلحے کی ترسیل میں غیر معمولی کمی آئی گی۔

سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان کے خلاف درج مقدمات میں درہ آدم خیل میں موجود اسلحہ ڈیلرز کو بھی نامزد کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024