• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

کوئٹہ پریس کلب کی تالابندی کیخلاف صحافیوں کا احتجاج کا فیصلہ

شائع May 20, 2024
— فوٹو: پی پی آئی
— فوٹو: پی پی آئی

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس اور مقامی انتظامیہ نے کوئٹہ پریس کلب کو تالے لگا دیے تھے تاکہ بلوچ یکہجتی کمیٹی کے اراکین کو سیمینار کے انعقاد سے روکا جاسکے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اراکین نے کئی گھنٹوں تک احتجاج کیا تھا اور تالے توڑ کر عمارت میں داخل ہو کر ہال نمبر ایک میں سیمینار کا انعقاد کیا، جسے ایونٹ کے لیے بک کیا گیا تھا۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور کوئٹہ پریس کلب کی ایگزیکٹو کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس صدور خلیل احمد اور عبدالخالق رند کی زیر صدارت گزشتہ شام منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینئر صحافیوں نے بھی شرکت کی تھی اور صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔

اجلاس میں مقامی انتظامیہ اور پولیس کی کارروائی کی مذمت کی گئی تھی اور اسے آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی قرار دیا تھا، جو ہر شہری کو حق آزادی اظہار اور آزادی صحافت کی یقین دہانی کراتا ہے۔

اجلاس میں کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی پر سنجیدہ تحفظات اور غصے کا اظہار کیا گیا تھا اور مقامی انتظامیہ اور پولیس کے غیر آئینی اقدامات کی مذمت کے لیے ملک بھر کے تمام کلبس میں احتجاجی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ کے صحافی بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کریں گے اور حکومت کو 4 نکاتی مطالبات پیش کریں گے۔

دونوں صدور نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے 4 نکاتی مطالبات کو منظور اور اس پر عمل نہ کیا تو 21 مئی کو بلیک ڈے منایا جائے گا اور ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔

دوسری جانب، کراچی پریس کلب نے کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔

کراچی پریس کلب کے جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو اظہارِ رائے آزادی کی دیتا ہے۔

کراچی پریس کلب کے مطابق کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی آئین کے آرٹیکل کی خلاف ورزی ہے، پریس کلب کی بندش صحافیوں کو خاموش کرانے اور خوف زدہ کرنے کی سازش ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اپنے حقوق پر حملہ کسی صورت قبول نہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ کوئٹہ پریس کلب کی تالا بندی کے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جائیں۔

کراچی پریس کلب کا مزید کہنا تھا کہ اگر 24 گھنٹوں میں تالا بندی ختم نہ کی گئی تو کراچی پریس کلب کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024