• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

رشتوں، تعلقات اور کاروبار سمیت متعدد غلط فیصلے کیے، آغا علی کا اعتراف

شائع May 17, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اداکار آغا علی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے رشتوں، تعلقات اور کاروبار سمیت اسی طرح کے دوسرے معاملات میں متعدد غلط فیصلے کیے۔

آغا علی نے حال ہی میں وصی شاہ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کی عمر پانچ سال تھی، تب ان کے والد آغا سکندر علی انتقال کر گئے تھے اور ان کی والدہ نے تین بچوں کی تنہا پرورش کی۔

اداکار نے بتایا کہ کیریئر بنانے کے لیے جب وہ لاہور سے کراچی منتقل ہوئے تو انہوں نے بہت مشکلات دیکھیں، وہ کرائے کے مکان کے بیسمنٹ میں رہتے تھے، جہاں ایک رات وہ 11 گھنٹے تک افسردہ رہے، روتے رہے لیکن آج وہ پورے کراچی میں مشہور ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں آغا علی نے بتایا کہ حال ہی میں انٹرنیٹ پر نہ جانے کیوں لوگوں نے ان سے متعلق غلط دعوے کرنا شروع کیے۔

انہوں نے بتایا کہ ان سے متعلق دعوے کیے گئے کہ اداکار کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ تعلقات نبھانے میں اچھے نہیں ہیں جب کہ ایسی کوئی بات نہیں، وہ بہترین شخصیت اور طبیعت کے مالک ہیں، وہ تعلقات کو خراب کرنے والی ذہنیت کے نہیں ہیں۔

آغا علی نے ایک اور سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل جب انہوں نے اپنا ای میل چیک کیا تو ایک لڑکی نے اپنی بہت ساری تصاویر بھیج کر انہیں شادی کی پیش کش کر رکھی تھی۔

اداکار لڑکی کی جانب سے ای میل پر آن لائن شادی کی پیش کش پر ہنس پڑے اور ساتھ ہی مذکورہ نامعلوم لڑکی کو مخاطب ہوکر انہیں مشورہ دیا کہ شادی کی پیش کش ای میل پر نہیں کی جاتی۔

آغا علی نے ایک اور سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ بطور انسان ان سے بھی کچھ غلط فیصلے ہوئے، حالانکہ انہوں نے ہر فیصلہ کرنے سے قبل اس پر سنجیدگی سے غور کیا لیکن اس باوجود کچھ فیصلے غلط ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ تعلقات، رشتوں اور کاروبار سمیت اسی طرح کے دوسرے معاملات پر ان سے غلط فیصلے ہوئے لیکن بعد ازاں انہوں نے اپنے فیصلوں پر غور کیا تو انہوں نے نتیجہ اخذ کیا کہ شاید انہوں نے فیصلہ لیتے وقت جذبات سے کام لیا ہوگا۔

آغا علی نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کون سے فیصلے غلط کیے اور کن فیصلوں پر انہیں پچھتاوا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسے بھی غلط فیصلے کیے جو دوسرے لوگوں سے تعلقات اور رشتے بنانے اور ان کے لیے اپنا وقت گنوانے جیسے فیصلے تھے۔

آغا علی کی جانب سے مبہم انداز میں اپنے کچھ فیصلوں کو غلط قرار دیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہیں کہ ان کا اشارہ اپنی شادی کی جانب ہوگا۔

آغا علی اور حنا الطاف کی شادی کے حوالے سے کافی عرصے سے خبریں ہیں کہ ان کے تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں نے علیحدگی اختیار کر رکھی ہے جب کہ کافی وقت سے انہیں ایک ساتھ بھی نہیں دیکھا گیا۔

سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہونے کے باوجود آغا علی اور حنا الطاف نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024