چند ماہ میں پنجاب کا کوئی ہسپتال ایسا نہیں ہوگاجہاں مفت علاج نہ ہو، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چند ماہ میں پنجاب کے تمام ہسپتالوں کو تبدیل کرکے رکھ دیں گے اور پنجاب کا کوئی ایسا اسپتال نہیں رہےگا جہاں مفت علاج نہ ہورہا ہو۔
پھول نگر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو سازش کرکے ہٹا دیا جاتاہے، نواز شریف کی حکومت ختم نہیں ہوتی، بلکہ ملک سے ترقی ختم ہوجاتی ہے، نواز شریف کا خدمت کا جذبہ لے کر چل رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج نوازشریف کی چوتھی حکومت میں ترقی کا جو سفر شروع ہوا ہے اس کو رکنے نہ دینا، یہاں ایسے انسان کی بھی حکومت تھی جو کہتا تھا ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتیں پتا کرنے نہیں آیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں، عوام کو سستی روٹی پہنچانا میری ذمہ داری ہے، روز صبح نواز شریف سے ہدایات لیتی ہوں، نوازشریف کہتے ہیں لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرو، ہم جو وعدے کرتے ہیں وہ پورے کرتے ہیں، میں صرف میرٹ پر کام کر رہی ہوں،امن و امان کی صورتحال پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں 300 رورل ہیلتھ سینٹر ہیں، 2 ماہ میں تو لوگ صرف وعدے کر رہے ہوتے ہیں، چند ماہ میں پنجاب کے تمام ہسپتالوں کو تبدیل کرکے رکھ دیں گے، پنجاب کا کوئی ایسا ہسپتال نہیں رہےگا جہاں مفت علاج نہ ہو رہا ہو۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 590 سڑکیں ٹھیک کرنے اور بنانے کا پروگرام شروع کردیا ہے، پنجاب کی کوئی سڑک 5 سال بعد ٹوٹی ہوئی نہیں رہے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ مزید روٹی سستی ہوئی ہے؟ جانتے ہیں یہ کیوں ہوا؟ یہ اچانک نہیں ہوا، نواز شریف کا وعدہ تھا اقتدار میں آکر آسانیاں پیدا کروں گا، مہنگائی جب بڑھ جاتی ہے تو کم کرنا آسان کام نہیں ہوتا، گندم خریدنے میں کرپشن کے بازار گرم ہوجایا کرتے تھے، میں نے وہ راستہ بندکردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب گندم کا کوئی بحران نہیں، 4 ماہ میں کسانوں کے لیے400 ارب کا پیکج لے کر آ رہے ہیں، پنجاب میں مہنگائی کو مزید کم کریں گے، کسان کو قرضہ نہیں لینا پڑے گا، کسانوں کو یقین دلاتی ہوں تاریخ میں کسانوں کو اتنا بڑا ریلیف نہیں ملا ہوگا، دو ماہ میں دیہی مرکز صحت فعال کر دیا ہے، ایک فصل کے لیے کسان کو کارڈ کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ روپے فی فصل دیں گے۔