ای سی سی کا اجلاس، آزاد کشمیر حکومت کیلئے 23 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آزاد جموں و کشمیر حکومت کے لیے 23 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر پیٹرولیم مصدق مسعود ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔
سیکریٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیر کو اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم قومی مفاد میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کے لیے اضافی 23 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔
ای سی سی نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی سمری پر تکنیکی ضمنی گرانٹ کی صورت میں آزاد کشمیر حکومت کے لیے 23 ارب روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے 23 ارب روپے کی منظوری دی تھی جس کے بعد بجلی اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد محکمہ توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ جبکہ 300 یونٹ کمرشل بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے ہوگی، 100 سے 300 یونٹ تک 5 روپے جبکہ 300 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر 6 روپے فی یونٹ ہو گی، 300 سے زائد یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہو گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کشمیر کو 23 ارب روپے کے پیکج کے اعلان کے بعد آٹا سبسڈی پر بھی عملدرآمد شروع ہوگیا، محکمہ خوراک آزاد کشمیر نے 40 کلو گرام آٹے کے موجود نرخ 3100 میں 1100 روپے کی کمی کر دی، آزاد کشمیر میں 20 کلو گرام آٹا اب ایک ہزار روپے میں دستیاب ہے، 40 کلو گرام آٹا 2 ہزار میں دستیاب ہوگا، اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 40 کلو آٹے پر 1100 روپے کی کمی کردی گئی۔