• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

آئرلینڈ کے خلاف جیت کا کریڈٹ بلے بازوں کو جاتا ہے، بابر اعظم

شائع May 13, 2024

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئرلینڈ کے خلاف 3 میچز کی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں جیت کا کریڈٹ بلے بازوں کو دے دیا۔

یاد رہے کہ 12 مئی کو بلے باز اور وکٹ کیپر محمد رضوان، جارحانہ بلے باز فخر زمان اور اعظم خان کی شاندار پرفارمنس کی بدولت قومی ٹیم نے 193 کا ہدف 17ویں اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔

میچ کے بعد کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 18ویں اوور سے پہلے ہدف کا تعاقب کرنے کا پلان بنایا تھا اور وہ اپنے پلان کو مؤثر طریقے سے انجام دینے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں خوش ہوں، جیت کا کریڈٹ تمام بلے بازوں کو جاتا ہے، باؤلنگ کرنے کے بعد ہم نے 18ویں اوور سے پہلے ہدف مکمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ہم نے ابتدائی طور پر کچھ وکٹیں گنوائیں لیکن ہار نہیں مانی‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ اچھا تھا کیونکہ بادل چھائے ہوئے تھے اور تھوڑی بارش ہورہی تھی، دوسرے ہاف میں باؤلنگ اچھی تھی لیکن جس طرح سے آئرلینڈ نے آخری تین اوورز کھیلے اس کا سارا کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔‘

بابراعظم نے آخر میں کہا کہ ’فخر زمان بہت تجربہ کار بلے باز ہیں، انہوں نے حالات کے مطابق کھیلا، ہم اگلے میچ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کریں گے، پاکستانی شائقین کو دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔‘

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کا مختصر احوال

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے فخر زمان اور محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ میں ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اور 45 منٹ تاخیر کے بعد ٹاس کیا گیا، کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آئرلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

آئرلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین نے تین، عباس آفریدی نے دو جبکہ عامر اور نسیم نے ایک، ایک وکٹیں اپنے نام لیں۔

پاکستان کی بیٹنگ کے دورا کپتان بابر اعظم بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، 13 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان کا ساتھ دینے فخر زمان آئے اور دونوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور 77 گیندوں پر 140 رنز کی ساجھے داری بنا کر پاکستان کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔

فخر زمان نے 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے لیکن 153 کے مجموعے پر بین وائٹ نے بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

رضوان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

یاد رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024