• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

راجا پرویز اشرف کا وزیر اعلیٰ، گورنر خیبرپختونخوا کو تناؤ ختم کرکے ساتھ چلنے کا مشورہ

شائع May 11, 2024
راجا پرویز اشرف — فوٹو: ڈان نیوز
راجا پرویز اشرف — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلیٰ اور گورنر کو تناؤ ختم کر کے مل جل کر چلنا چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو بھی سیاسی استحکام کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے تا کہ ملکی مسائل حل کئے جا سکیں۔

لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا پنجاب میں از سرنو تنظیم سازی کا آغاز کر دیا ہے جسے سو دن میں مکمل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ملکی مسائل کا حل سیاسی استحکام کے بغیر ممکن نہیں جس کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلیٰ اور گورنر کو تناؤ ختم کر کے مل جل کر چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت نفرتیں ختم کرنے اور اداروں کو آپس میں جوڑنے کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی نے آئینی عہدے اس لئے رکھے تاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو حکومت کرنے میں دشواری نہ ہو۔

واضح رہے کہ راجا پرویز اشرف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ گورنر کے پاس آئینی عہدہ ہے، سیاسی بیانات سے گریز کریں، گورنر خیبرپختونخوا نے دوبارہ سیاسی بیان بازی کی تو گاڑی کا تیل بند کر دوں گا۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا تھا کہ گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھول کر گورنر کو ہاؤس سے نکال دوں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ فیصل کریم کنڈی کی کوئی حیثیت نہیں، ایک صفحے کے نوٹیفکیشن پر گورنر بنے، گورنرشپ میری وجہ سے خیرات میں ملی، پہلے مولانا کے بیٹے کو وزارت ملی تھی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں بطور وزیر اعلیٰ استثنیٰ استعمال کرنے کے بجائے عدالت میں پیش ہو رہا ہوں۔

قبل ازیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو خبردار کیا تھا کہ وہ جس زبان میں بات کریں گے اسی زبان میں جواب ملےگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ گورنر ہاؤس پر قبضے کی کوشش کی گئی تو انہیں سڑکوں پر گھسیٹیں گے، فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمٗن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا مینڈیٹ چوری ہوا ہے تو وہ پی ٹی آئی کو مال غنیمت کے طور پر ملا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024