• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ، فائنل میں جاپان نے پاکستان کو شکست دے دی

شائع May 11, 2024
فوٹو بشکریہ فیس بُک
فوٹو بشکریہ فیس بُک

سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینالٹی شوٹ آؤٹ پر پاکستان کو 1-4 گول سے شکست دے دی۔

اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا۔

13سال بعد اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی قومی ٹیم کے لیے فائنل کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور جاپان نے پہلا گول اسکور کر کے برتری حاصل کی۔

تاہم اس کے بعد قومی ٹیم نے میچ میں شاندار انداز میں واپسی کی اور اعجاز احمد کے گول کی بدولت مقابلہ برابر کردیا۔

میچ کے تیسرے کوارٹر میں قومی ٹیم نے جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے جاپان کے خلاف حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور اس کا صلہ قومی ہاکی ٹیم کو اس وقت ملا جب عبدالرحمٰن نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر پاکستان کو میچ میں ایک گول کی برتری دلا دی۔

اس سے قبل کہ قومی ٹیم میچ میں فتح حاصل کرتی، میچ کے چوتھے کوارٹر میں جاپان نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا تھا۔

فائنل میچ کا فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا جس میں پاکستان نے گول کرنے کے اپنے پہلے دو مواقع ضائع کیے جب کہ جاپان نے اپنا کوئی موقع ضائع نہیں کیا اور 4 شوٹ آؤٹ پر 4 گول کیے جبکہ پاکستان نے 3 مواقع ضائع کیے اور صرف ایک گول کیا۔

پاکستان کی جانب سے پینالٹی شوٹ آؤٹ پر لیاقت ارشد اور رانا وحید اشرف نے گول کونے کا موقع ضائع کیا۔

قومی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں فائنل سے قبل ناقابل شکست رہی تھی پانچ میچوں میں سے تین جیتے اور دو میچز ڈرا کیے۔

پاکستان اس سے قبل تین بار اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت چکا ہے اور آخری بار 2003 میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیتا تھا۔

اس سے قبل تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان ملائیشیا کو 2-3 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024