پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کےتعلقات کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، پاکستان کا کوئی بھی وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے اس طرح یہ ایک روایت بن گئی ہے۔
سعودی میڈیا العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں، پاکستان اور سعودی عرب امن اور خوشحالی میں شراکت دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد پاکستان سے تعلقات میں انتہائی مخلص ہیں، محمد بن سلمان نے سعودی عرب کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ محمد بن سلمان کی پالیسیاں مجھ سمیت تمام لیڈروں کیلئے مشعل راہ ہیں، سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان انتہائی نتیجہ خیز ثابت ہوا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز سعودی عرب سے کرتا ہے، اس طرح یہ ایک روایت بن گئی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک سعودیہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں، ہمارے غم و خوشی مشترکہ ہیں، ہم کامیابی اور ترقی کے بھی ساتھی ہیں۔ وزیر اعظم نے انٹرویو کے دوران عربی میں بھی اظہار خیال کیا۔