وزیراعظم کی تمام وزارتوں، ڈویژنز کو ’مینوئل فائلنگ سے ای آفس‘ پر منتقل کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو تمام وزارتوں، ڈویژنز کو ’مینوئل فائلنگ سے ای آفس‘ پر منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے یہ ہدایات وزارتوں، ڈویژنز میں ای آفس پالیسی کے عدم نفاد کا نوٹس لیتے ہوئے جاری کیں۔
شہباز شریف نے وزارت آئی ٹی کو ای آفس پر منتقل ہونے والی وزارتوں کی رپورٹ بھی ایک ماہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سلسلے میں وزارت آئی ٹی تمام وزارتوں سے متعلق اعداد و شمار کے ساتھ رپورٹ وزیراعظم آفس کو ارسال کرے گی۔
اس ضمن میں ذرائع وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے بتایا ہے کہ وزارت آئی ٹی نے ای آفس پر عملدر آمد کے لیے تمام وزارتوں، ڈویژنز کو خطوط ارسال کردیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق خطوط میں تمام وزارتوں کو مینوئل فائلنگ سے ای آفس پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اس سلسلے میں تمام وزارتوں کو سست روی ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیجیٹل پاکستان کی جانب تیز رفتار پیش رفت کے لیے نیشنل ڈیجیٹل کمیشن (این ڈی سی ) اور ڈیجیٹل پاکستان اتھارٹی (ڈی پی اے ) بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وفاقی حکومت کی طرف سے یہ فیصلہ ڈیجیٹل پاکستان کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔