چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے نئے ایس او پیز تیار کرلیے، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے نئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) تیار کیے گئے ہیں اور ان پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو وفاقی وزیر داخلہ نے پاکستان میں چین کے سفیر ماشا جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا، چینی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے چینی سفیر کا وزارت میں خیر مقدم کیا جبکہ چینی سفیر نے انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کی تیاریوں اور پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سےگفتگو کی گئی، دونوں فریقین نے بشام واقعے کی تحقیقات میں پیشرفت کے بارے میں بھی بات چیت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بشام واقعہ پاک چین دوستی پر حملہ ہے اور اس واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وفاقی وزیر نے سفیر کو بتایا کہ انہوں نے لاہور اور کراچی میں چینی قونصل خانوں کا دورہ کیا اور قونصل جنرل سے ملاقات کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کہ چینی قونصل جنرل نے چینی شہریوں کے لیے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی سازش کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان اور چین کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور کوئی دشمن انہیں نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔