ہولی وُڈ اداکاروں کی میٹ گالا میں شرکت کی اے آئی تصاویر وائرل
دنیا میں فیشن کی سب سے بڑی تقریب’میٹ گالا 2024’ میں شرکت کرنے والی ہولی وڈ اداکاروں کی مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی جسے دیکھ کر صارفین بھی دھوکے میں آگئے۔
میٹ گالا کی تقریب 6 مئی کو نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ میں چیریٹی ایونٹ میں منعقد ہوئی جہاں دنیا بھر سے مشہور شخصیات شریک ہوئیں۔
ان مشہور شخصیات میں عالیہ بھٹ، زینڈایا، جینیفر لوپیز، کرس ہیمزورتھ اور بیڈ بنی اور دیگر شامل ہیں۔
تقریب کے اختتام کے بعد سوشل میڈیا پر نامور ہولی ووڈ شخصیات کی اے آئی تصاویر وائرل ہورہی تھیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ وائرل ہونے والی تصاویر میں وہ شخصیات بھی شامل تھیں جو میٹ گالا میں شریک نہیں ہوئیں۔
جن شخصیات کی اے آئی تصاویر وائرل ہورہی ہیں ان میں امریکی گلوکارہ کیٹی پیری، ریحانہ اور لیڈی گاگا شامل ہیں۔
ان جعلی تصاویر کو سیکڑوں مداح اصلی سمجھ بیٹھے اور انہیں مختف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پسند اور شیئر بھی کیا جاتا رہا۔
کیٹی پیری نے خود بھی اپنی جعلی تصاویر کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کر کے دلچسپ انداز میں وضاحت کی۔
گلوکارہ کی والدہ بھی ان تصاویر سے دھوکا کھا گئیں جس پر کیٹی پیری نے والدہ کو محتاط رہنے کا کہا۔
سوشل میڈیا پر لیڈی گالا کی تصاویر بھی وائرل ہورہی ہیں جس میں انہیں خوبصورت جوڑے میں دیکھا جاسکتا ہے جو اے آئی کی مدد سے بنایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گلوکارہ ریحانہ کی تصاویر بھی وائرل ہوئیں تھیں، جنہیں صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا اور شئیر بھی کیا گیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ کیٹی پیری کی اے آئی تصویر کو 2 لاکھ سے زائد لائکس مل چکے ہیں۔
ایک اور صارف نے تشویش کا اظہار کیا کہ اے آئی سے تیار کردہ میٹ گالا کی تصاویر کی لہر اس بات کی علامت ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو جلد ہی سیاسی غلط معلومات پھیلانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔