یوٹیوب پر طویل ویڈیو کا دلچسپ حصہ دکھانے والا اے آئی فیچر متعارف

شائع May 7, 2024
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے پریمیم صارفین کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا نیا فیچر پیش کردیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے ( Jump Ahead ) نامی اے آئی ٹول پیش کردیا گیا، جس کی بدولت صارفین طویل ویڈیو کا دلچسپ حصہ دیکھ سکیں گے۔

یہ دراصل ویڈیو کو آگے یا پیچھے کرنے کا فیچر ہے جو اے آئی کی مدد سے صارف کو مطلوبہ ویڈیو کا وہ حصہ دکھائے گا جسے بہتر اور دلچسپ سمجھا جائے گا۔

فیچر کے تحت صارف بار بار ( Jump Ahead ) پر کلک کرنے پر ہر بار ویڈیو کے نئے دلچسپ حصے تک پہنچ پائیں گے۔

مذکورہ فیچر فوری طور پر صرف پریمیم صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے، یعنی یہ فیچر ماہانہ فیس ادا کرنے والے ہی استعمال کر سکیں گے، علاوہ ازیں اسے فوری طور پر صرف اینڈرائیڈ فون صارفین ہی استعمال کریں گے۔

اس سے پہلے کچھ دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ یوٹیوب کی جانب سے بھی فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام جیسے اے آئی ٹولز کی آزمائش شروع کردی گئی اور جلد ہی انہیں پیش کردیا جائے گا۔

خبریں ہیں کہ یوٹیوب پر بھی فیس بک اور واٹس ایپ جیسے اے آئی چیٹ بوٹ ٹولز دیے جائیں گے اور اسے کمپنی آسک اے آئی (Ask AI) کا نام دے گی اور مذکورہ فیچر کے تحت صارفین ہر ویڈیو سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے۔

اسی فیچر کے تحت صارفین کو بتایا جائے گا کہ مذکورہ ویڈیو کب اور کہاں بنائی گئی تھی، اس کے علاوہ دوسری معلومات بھی صارفین کو فراہم کی جائے گی لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ آسک اے آئی ٹول کو کب تک یوٹیوب میں پیش کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 6 جنوری 2025
کارٹون : 5 جنوری 2025