ججز کےخلاف مہم: جسٹس محسن اختر نے بھی توہین عدالت کی کارروائی کیلئے خط لکھ دیا
ججز کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے لکھا گیا خط سامنے آگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی نے بھی چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کو توہین عدالت کی کارروائی کے لیے خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی نے خط لکھا کہ بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
واضح رہے کہ ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فارق ممکنہ طور پر جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔
مزید رپورٹ کیا تھا کہ بینچ اس معاملے پر سماعت آج (منگل) کرے گا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ ان کے اور اہل خانہ کی ذاتی معلومات بشمول امریکی رہائشی اجازت نامہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جانے کے بعد جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس عامر فارق سے درخواست کی ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ 28 اپریل کو جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔
اعلامیے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت دی تھی۔
مزید کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے، سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کی خفیہ معلومات پوسٹ اور ری پوسٹ کی جا رہی ہیں، جسٹس بابر ستار، اُن کی اہلیہ اور بچوں کے سفری دستاویزات سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جا رہے ہیں۔