سعودی سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے سرمایہ کاری سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف نے سعودی سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں وفاقی وزرا اور پاکستان کی کاروباری برادری نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان کے آخری ہفتے میں دوسری بار سعودی عرب میں ولی عہد سے ملاقات ہوئی، سعودی عرب کی معیشت بہت تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے، زراعت، آئی ٹی، ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ملازمت کے مواقع کے لیے اہم ممالک میں شامل ہے، آج سعودی سرمایہ کار، پالیسی سازوں کا وفد پاکستان آیا ہوا ہے، سعودی عرب پاکستان کا 7 دہائیوں سے ساتھ دے رہا ہے اور اس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ذریعے سرمایہ کاری سے بہترین فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جبکہ حکومت پاکستان سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرے گی۔
سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے اپنے خطاب میں سعودی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کو موزوں ترین ملک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی شراکت اہمیت کی حامل ہے، سعودی قیادت کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستان سعودی عرب کا اسٹریٹجک دوست اور شراکت دار ہے۔