پی آئی اے کا حج آپریشن 9 مئی سے شروع کرنے کا اعلان
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے حج آپریشن کا آغاز 9 مئی سے ہوگا جو 10 جون تک جاری رہے گا جب کہ اس دوران قومی ایئر لائن تقریباً 34 ہزار عازمین حج کو 170 پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس پہنچائے گی۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ 19 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم اور 15 ہزار پرائیوٹ حجاج قومی ایئر لائن کے ذریعے سفر کریں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق اس سال پی آئی اے پاکستان کے 8 شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور ، ملتان، کوئٹہ، سیالکوٹ اور سکھر سے جدہ اور مدینہ منورہ کے لیے براہ راست پروازیں آپریٹ کرے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سال روڈ ٹو مکہ منصوبہ اسلام آباد اور کراچی کے ہوائی اڈوں پر دستیاب ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ طریق مکہ یا روڈ ٹو مکہ کے ذریعے عازمین حج اپنی سعودی امیگریشن پاکستان ہی میں کروائیں گے جس سے جدہ یا مدینہ منورہ میں امیگریشن کے لیے طویل قطاروں کی کوفت سے بچت ہوگی۔
پی ائی اے نے حجاج کی آگاہی کے لیے ایک ہدایت نامہ بھی جاری کیا جس میں ’نسک ایپلیکیشن‘ سمیت دیگر ضروری ہدایات کا تفصیلی ذکر ہے۔
واضح رہے کہ ’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ کے تحت حج پر جانے کا ارادہ رکھنے والے عازمین کو سعودی ہوائی اڈوں پر امیگریشن کے عمل سے نہیں گزرنا پڑے گا جب کہ سعودی حکام 16 ہزار سے زائد عازمین حج کو کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن خدمات فراہم کریں گے۔
’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ‘ کے تحت حج پروازیں 9 مئی سے شروع ہوں گی اور 8 جون کو ختم ہوں گی، سعودی عملے کو بین الاقوامی روانگی سیٹلائٹ ایریا میں 8 کاؤنٹرز اور آلات تک رسائی حاصل ہوگی۔