• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

علی امین کےخلاف غیر قانونی اسلحہ، شراب برآمدگی کیس، تمام گواہان پر جرح مکمل

شائع May 3, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس میں تمام گواہان پر جرح مکمل کرلی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے مقدمے کی سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہورالحسن، پراسیکیوٹر خیام عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت کیس کے آخری گواہ یونس کی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگا کر جرح مکمل کرلی گئی۔

علی امین کی گاڑی سے برآمد بوتل بھی بطور ثبوت عدالت پیش کی گئی، گواہ یونس نے بوتل کی بطور ثبوت ریکارڈ کا حصّہ بنانے کی تصدیق کردی۔

بعد ازاں وکیل ظہورالحسن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے لیے سوالنامہ مہیہ کردیں، جج نے ریمارکس دیے کہ سوالنامہ جمع کرواتے وقت علی امین گنڈاپور کا کمرہ عدالت میں ہونا لازمی ہے، اب علی امین نے کب آنا ہے ضلعی کچہری؟

وکیل نے جواب دیا میں آپ کو بتا دیتا ہوں، کل تک سوالنامہ مہیہ کردیں، جج صہیب بلال نے ریمارکس دیے کہ کل تک سوالنامہ دے دیا جائےگا، آئندہ تاریخ بھی بتا دی جائے گی۔

بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں اگلی سماعت پر شہادتیں مکمل کرنے اور جرح مکمل کرنے کی ہدایت کردی تھی۔

27 اپریل کو وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔

یاد رہے کہ 7 مارچ کو اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب کا مقدمہ دوبارہ ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کو اشتہاری قرار دینے کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں، اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے بنی گالہ کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کی گاڑی سے 5 کلاشنکوف اسالٹ رائفلز، ایک پستول، چھ میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، شراب اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے پولیس کے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دو لائسنس یافتہ کلاشنکوف رائفلوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے، اور گاڑی میں اسلحہ کا لائسنس موجود تھا۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ شراب کی بوتل میں شہد لے کر جا رہے تھے جسے پولیس اہلکاروں نے ضبط کر لیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024