لاہور: پولیس کا اہلکاروں و افسران کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار کرنے کا دعویٰ
لاہور میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا کہ لاہور میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں عثمان خراسانی اور اس کا بھائی ملوث ہیں اور ملزم عثمان کو ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملزم سے حملے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل، تین پستول اور گزشتہ رات پہنے کپڑے اور دستانے بھی برآمد کر لیے گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
شہر میں گزشتہ 10 روز میں سب انسپکٹر سمیت تین پولیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے پیش نظر لاہور پولیس نے اہلکاروں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔
اس سلسلے میں جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو اکیلے وردی میں سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے، پولیس اہلکار بغیر یونیفارم کے ڈیوٹی پر آئیں اور بغیر یونیفارم ہی ڈیوٹی سے گھر جائیں۔