کیا سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گولڈی برار ہلاک ہوگئے؟
امریکی پولیس نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مبینہ ماسٹر مائنڈ گولڈی برار کے ہلاک ہونے کی خبروں کی تردید کردی۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا میں خبریں گردش کررہی تھیں کہ معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مبینہ ماسٹر مائنڈ اور پنجاب پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب گولڈی برار کو کیلیفورنیا میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔
گولڈی برار کی موت کے بارے میں بھارتی میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی پولیس نے کہا کہ ’کیلیفورنیا فائرنگ میں ہلاک ہونے والا شخص گولڈی برار نہیں تھا۔‘
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق امریکی پولیس نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اور تصویر جاری کرچکے ہیں، نہیں معلوم کہ گولڈی برار کے ہلاک ہونے کی افواہیں کہاں سے پھیلائی گئیں لیکن یہ افواہیں ہماری طرف سے نہیں تھیں، بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے ہماری ایجنسی سے رابطہ کیے بغیر خبر شائع کی ہے۔’
انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’منگل 30 اپریل 2024 کو شام 5 بجکر 30 منٹ پر نارتھ ویسٹ ڈسٹرکٹ میں پولیس افسران نے فائرنگ کی آوازیں سنیں، واقعے میں 37 سالہ زیویئر گلیڈنی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے۔‘
یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار تھا۔
ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار ایک مطلوب مجرم ہے اور رواں سال بھارت نے انہیں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت دہشت گرد قرار دیا تھا۔
گینگسٹر لارنس بشنوئی کے قریبی ساتھی گولڈی برار نے اس وقت توجہ حاصل کی جب انہوں نے ایک فیس بک پوسٹ میں گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کا اعتراف کیا تھا۔
سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو پنجاب کے ضلع مانسا میں ان کے گاؤں کے قریب ان کی گاڑی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔