• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات، پولیو کے خاتمے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کا عزم

شائع April 29, 2024
فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

وزیر اعظم شہباز شریف کی ریاض میں مائکروفاسٹ کے شریک بانی اور ارب پتی افراد میں شامل بل گیٹس سے ملاقات ہوئی، جہاں دونوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے مل کر کام کرنے سے متعلق اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات ملاقات ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کےخصوصی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان مضبوط شراکت داری یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس دوران وزیراعظم نے بل گیٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے انتھک محنت کر رہا ہے، انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے دیرینہ تعاون پربِل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان کے حتمی مقصد تک پہنچنے کے لیے تمام شراکت داروں کی طرف سے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔

اسی دوران بل گیٹس نے بطور وزیراعلیٰ شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں حفاظتی ٹیکوں اور پولیو ویکسین کے پروگرام کو سراہا اور حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ملک بھر میں اسی طرز عمل کو دہرانے پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ پولیو کا خاتمہ مستقبل کی نسلوں کو اس موذی مرض سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہے۔

پولیو کے علاوہ دونوں نے پاکستان اور بِل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان حفاظتی ٹیکوں، غذائیت اور مالی شمولیت کے شعبوں میں جاری سرگرمیوں پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

و زیراعظم نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایک قابل اعتماد پارٹنر ہے اور آئی ٹی، اسٹیم تعلیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔

سعودی وزیر نے شہباز شریف کو ’مین آف ایکشن‘ قرار دیدیا

سعودیہ کے مصروف ترین دورے کے دوران شہباز شریف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح، وزیر خزانہ محمد الجدعان اور وزیر صنعت بندر بن ابراہیم الخورائف سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

سعودی ولی عہد کی جانب سے دیے گئے گالا ڈنر کے دوران وزیراعظم نے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اہم وفد پاکستان بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں سعودی وزیر رائے سرمایہ کاری خالد الفالح نے وزیر اعظم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’آ مین آف ایکشن‘ قرار دیتے ہوئے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا

وزیراعظم سے ملاقات کے دوران سعودی وزیر نے کہا ہے کہ سعودی حکومت وزیراعظم کی کارکردگی اور کام کرنے کی رفتار سے بخوبی آگاہ ہے’آپ پاکستان کے ترقی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں جس میں ہم سب آپ کے ساتھ ہیں،آپ کا مشن ہمارا مشن ہے۔’

سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ہماری ترجیح ہے، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبے میں بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

وزیر اعظم شہباز نے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے موقع پر پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کی، جہاں انہوں نے پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024