• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کی مدت میں 30 جون تک توسیع

شائع April 27, 2024
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفافی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا— فوٹو: پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفافی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا— فوٹو: پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ

وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے لیے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی مدت میں 30 جون تک توسیع کی مںظوری دے دی اور ان کی وطن واپسی تیسرے مرحلے میں شروع ہو گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں رجسٹریشن کارڈ کے حامل افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے کسی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے کے ترجمان کے مطابق رجسٹریشن کارڈ کے حامل تقریباً 13 لاکھ افغان باشندے اب بھی پاکستان میں مقیم ہیں۔

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزارت مملکت اور سرحدی علاقوں کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین رجسٹریشن کارڈز کی یکم اپریل کو ختم ہونے والی میعاد میں 30 جون 2024 تک توسیع کردی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ رجسٹریشن کارڈ کے حامل مہاجرین کو منصوبے کے تیسرے مرحلے میں وطن واپس بھیجا جائے گا جہاں ان کی واپسی کا عمل پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کی وطن واپسی کے بعد شروع ہوگا۔

کابینہ کے ارکان کو بتایا گیا کہ رجسٹریشن کارڈ رکھنے والے پاکستان میں اسکول، بینک اکاؤنٹس اور دیگر سہولیات سے استفادہ کرتے ہیں۔

دریں اثنا، بیان میں بتایا گیا کہ بغیر کسی شناختی دستاویزات کے پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں کی وطن واپسی کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔

دریں اثنا، مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے کے ترجمان قیصر خان آفریدی نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن کارڈ کے حامل 52 فیصد افراد خیبر پختونخوا میں رہتے ہیں، 3لاکھ 30ہزار افراد بلوچستان، 1لاکھ 60ہزار پنجاب اور 60ہزار سندھ میں ہیں جن کی اکثریت کراچی میں مقیم ہے۔

نگران حکومت نے گزشتہ سال اکتوبر میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک میں غیرقانونی طور پر رہنے والے تمام غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا اعلان کیا تھا، اس اقدام کا مبینہ طور پر مقصد ملک میں غیرقانونی طور پر رہنے والے افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنا تھا لیکن حکام اس کی سختی سے تردید کرتے آئے ہیں۔

دستاویزات کے بغیر رہنے والے افغانوں مہاجرین کی وطن واپسی کا عمل یکم نومبر سے شروع ہوا تھا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

حکام نے بتایا تھا کہ ملک میں تقریباً 17 لاکھ غیر قانونی افغان باشندے ہیں جن میں سے زیادہ تر 40 سال سے پاکستان میں مقیم ہیں۔

افغان طالبان کی حکومت نے اس اقدام پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے مہاجرین کے معاملے کو ان کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024