• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پاکستان کو چوتھے ٹی20 میں شکست، نیوزی لینڈ سنسنی خیز مقابلے میں 4 رنز سے کامیاب

شائع April 25, 2024
نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین وکٹوں کے عقب میں شاٹ کھیلتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین وکٹوں کے عقب میں شاٹ کھیلتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
فوٹو بشکریہ پی سی بی
فوٹو بشکریہ پی سی بی

نیوزی لینڈ نے ٹم رابنسن کی نصف سنچری اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔

لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 5 اوورز میں 56 رنز بنائے لیکن اسی اسکور پر زمان خان نے 15 گیندوں پر 28 رنز بنانے والے تام بلنڈل کو چلتاکردیا۔

دوسرے اینڈ سے ٹم رابنسن نے بہترین کھیل پیش کیا اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

نیوزی لینڈ نے 10 اوورز میں 93 رنز بنا لیے تھے لیکن 11ویں اوور میں عباس آفریدی نے رابنسن کی دو چھکوں اور 4 چوکوں سے سجی 51 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اسکور 128 تک پہنچا تو افتخار احمد نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے مارک چیپمین کو پویلین لوٹا دیا جبکہ ڈین فاکس کرافٹ بھی 34 رنز بنانے کے بعد اسامہ میر کو وکٹ دے بیٹھے۔

مائیکل بریسویل اور جیمز نیشام نے اسکور کو 169 تک پہنچایا لیکن عباس آفریدی نے 27 رنز بنانے والے کیوی کپتان بریسویل کے بعد اگلی ہی گیند پر جوش کلارکسن کا کام بھی تمام کردیا۔

اننگز کی آخری گیند پر عامر نے اش سودھی کی اننگز کا خاتمہ کردیا اور اس طرح نیوزی لینڈ نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو اننگز کے آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور دوسرے ہی اوور میں کپتان بابر اعظم صرف پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

صائم ایوب ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 40 کے مجموعی اسکور پر 20 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے جبکہ عثمان بھی صرف 16 رنز ہی بنا سکے۔

46 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے شاداب خان آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن 8 رنز بنانے والے شاداب بریسویل کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے فخر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور افتخار کے ہمراہ 59 رنز کی ساجھے داری بنا کر اسکور کو 138 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر میچ پاکستان کی گرفت میں نظر آ رہا تھا لیکن 23 رنز بنانے والے افتخار کے بعد 61 رنز کی باری کھیلنے والے فخر کے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہونے سے میچ کا پانسہ یکدم نیوزی لینڈ کے حق میں پلٹ گیا۔ اختتامی اوورز میں عماد وسیم نے 11 گیندوں پر 22 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کاوش بھی رائیگاں گئی۔

پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا سکی اور نیوزی لینڈ نے میچ میں 4 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔

اس سے قبل میچ کے لیے پاکستان نے فاائنل الیون میں پانچ تبدیلیاں کی تھیں اور محمد رضوان، عرفان خان نیازی، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا تھا۔

ان کی جگہ فخر زمان، اسامہ میر، عماد وسیم، محمد عامر اور زمان خان کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابر اعظم(کپتان)، صائم ایوب، فخر زمان، عثمان خان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد عامر، عباس آفریدی اور زمان خان۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024