• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

دوسرے شوہر کے بچے میرے نواسوں کے ساتھ پڑھتے ہیں، بشریٰ انصاری

شائع April 25, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ، پروڈیوسر و ہدایت کارہ بشریٰ انصاری نے اپنی دوسری شادی اور عمر پر تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اور ان کے شوہر کو ایک دوسرے کی عمر سے کوئی مسئلہ نہیں اور یہ کہ ان کے شوہر کے بچے ان کے نواسوں کے ساتھ پڑھتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے اپنے یوٹیوب پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں اپنے دوسرے شوہر اقبال حسین اور اپنے تعلقات و شادی سے متعلق مزید وضاحت کی۔

بشریٰ انصاری نے تصدیق کی کہ ان کی شادی کو چند سال ہو چکے ہیں، انہوں نے ابھی تازہ دوسری شادی نہیں کی لیکن لوگ اب انہیں مبارک باد دینا شروع کر رہے ہیں۔

اداکارہ کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہوں کہا کہ بعض لوگ یوٹیوب پر ان کی اور ان کے شوہر کی عمر کے فرق پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کی عمروں میں فرق ہے لیکن انہیں عمروں میں فرق سے کوئی فرق نہیں پڑتا، جو چیز ہوگئی سو ہوگئی۔

بشریٰ انصاری نے تسلیم کیا کہ شروع میں انہیں بھی اپنی اور شوہر کی عمر میں فرق سے مسئلہ تھا لیکن اب انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر اقبال حسین زیادہ تر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہتے ہیں اور حالیہ دنوں میں وہ ان کے پاس آئے ہوئے ہیں تو انہوں نے انہیں بھی یوٹیوب پر دکھایا۔

سینیئر اداکارہ نے اپنی اور شوہر کی عمر میں فرق کے درمیان باتیں کرنے والے افراد کے لیے کہا کہ وہ خود بھی خوش رہیں اور دوسرے لوگوں کو بھی خوش رہنے دیں۔

اداکارہ نے یوٹیوب ویڈیو میں انکشاف کیا کہ ان کے دوسرے شوہر کے بچوں سے اچھے تعلقات ہیں اور ان کے دوسرے شوہر کے بچے ان کے نواسوں کے ساتھ پڑھتے ہیں، ان کی عمریں 18 سے 20 سال کی ہیں۔

بشریٰ انصاری کے مطابق ان اور ان کے دوسرے شوہر کے ایک دوسرے کے بچوں سے دوستانہ اور بہتر تعلقات ہیں جب کہ بچوں کے بھی آپس میں اچھے تعلقات ہیں اور ہر کوئی خوش ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنے نام کے آخر میں ابھی تک انصاری اس لیے لگا رکھا ہے کہ ان کے مداح اور باقی لوگ پریشان ہوجائیں گے اور یہ کہ ان کے تمام دستاویزات میں ابھی تک ان کے نام کے آخر میں انصاری لگا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی بشریٰ انصاری نے دوسرے شوہر اقبال حسین کے ساتھ پہلی بار یوٹیوب ویڈیو جاری کی تھی۔

ان کی اقبال حسین سے شادی کی افواہیں تین سال سے ہیں، پہلی بار مئی 2023 میں ایک انٹرویو کے دوران بشریٰ انصاری نے دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ ان کی دوسری شادی کب ہوئی۔

بشریٰ انصاری کی ڈراما ساز اقبال حسین سے دوسری شادی کی خبریں پہلی بار نومبر 2019 میں آئی تھیں اور اس وقت اقبال حسین نے اداکارہ سے دوسری شادی کی خبروں کی تردید کی تھی۔

اس کے بعد بشریٰ انصاری نے پہلی بار جنوری 2020 میں ایک انٹرویو میں اپنی طلاق پر کھل کر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ انہیں طلاق لیے ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے۔

اس کے بعد انہوں نے دسمبر 2020 میں ایک اور انٹرویو میں بتایا تھا کہ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی وہ طلاق لینا چاہتی تھیں لیکن بچوں کی وجہ سے انہوں نے 36 سال صبر کیا اور بچوں کے ہاں بچے ہونے کے بعد طلاق لی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024