• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:12am

الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم، سپریم کورٹ نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کو بحال کر دیا

شائع April 25, 2024
—فائل/فوٹو: ڈان
—فائل/فوٹو: ڈان

سپریم کورٹ نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کو بحال کر دیا اور پی بی 51 چمن کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا الیکشن کمیشن کا حکم بھی کالعدم قرار دے دیا اور تمام امیدواروں کی رضامندی سے معاملہ دوبارہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا۔

جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس سماعت کی۔

جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ کس ضابطے کے تحت الیکشن کمیشن نے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کا حکم دیا۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے 12 پولنگ اسٹیشنز کو دیکھا مگر دیگر کو نظر انداز کر دیا، جسٹس امین الدین خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے نہ تو انکوائری کی نہ ہی کوئی اصول دیکھا۔

الیکشن کمیش کے ڈی جی لا نے عدالت کو بتایا کہ جن 12 پولنگ اسٹیشنز پر زیادہ ٹرن آوٹ کی درخواست کی گئی، صرف انہی کو دیکھا، جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو تو پورے حلقے کی دوبارہ انکوائری کروانا چاہیے تھی۔

جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن اپنا کام کر لیتا تو لوگوں کو عدالت نہ آنا پڑتا۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن اسپیکر کی معطلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ تمام امیدواروں کو سن کر 10 روز میں فیصلہ کرے۔

واضح رہے کہ 2 اپریل کو الیکشن کمیشن نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبد الخالق اچکزئی کی عام انتخابات میں کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے پی بی 51 چمن کے 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے امیدوار اباسین اچکزئی اور عوامی نیشنل پارٹی کے اصغر اچکزئی کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما عبدالخاق اچکزئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

یاد رہے کہ 29 فروری کو بلوچستان اسمبلی کے نو منتخب اسپیکرکیپٹن ریٹائرڈ عبد الخالق اچکزئی اور ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا، زمرک خان اچکزئی نے نو منتخب اسپیکر سے حلف لیا تھا۔

بعد ازاں حلف لینے کے بعد اسپیکر صوبائی اسمبلی عبدالخالق اچکزئی نے نو منتخب ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ سے حلف لیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ عبد الخالق اچکزئی بلامقابلہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی جبکہ پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025