• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

لاہور: ڈیفنس کار حادثہ کیس، ملزم افنان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 مئی تک توسیع

شائع April 22, 2024
— فائل فوٹو: اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈیفنس میں کارحادثے کے ملزم افنان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 مئی تک توسیع کر دی۔

انسداد دہشت گردی کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔

ڈیفنس میں کار کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت کے مقدمے میں ملزم افنان کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، اس کے علاوہ ملزم کا والد شفقت اعوان بھی عدالت پیش ہوا۔

عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی طلبی کے نوٹسز جاری کردیے اور ملزم افنان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 مئی تک توسیع کردی۔

پسِ منظر

خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں لاہور کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے 2 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس نے الزام عائد کیا تھا کہ مشتبہ نوجوان تیز رفتاری سے کار چلا رہا تھا جو حادثے کا باعث بنی، جس میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی جانیں گئیں اورجاں بحق افراد کی شناخت 45 سالہ رخسانہ بی بی، ان کے 25 سالہ بیٹے حسنین، 23 سالہ بہو عائشہ، 30 سالہ داماد سجاد، 4 ماہ کے پوتے حذیفہ اور 4 سالہ پوتی عنایہ کے نام سے ہوئی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ مشتبہ شخص کار میں اکیلا تھا جب لوگوں نے اسے نکال کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

پولیس نے جاں بحق افراد کے خاندان کے سربراہ رفاقت علی کی شکایت پر مشتبہ کار سوار افنان شفقت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا، جو واقعے کے وقت دوسری کار میں سفر کر رہے تھے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ جب افنان کی کار ان 6 افراد پر مشتمل خاندان کی کار سے ٹکرائی تو وہ کئی بار پلٹتی گئی اور تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

رفاقت علی نے کہا کہ انہوں نے اپنے تمام 6 رشتہ داروں کو خون میں لت پت پایا، جن میں سے زیادہ تر افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ دیگر نے ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد اپنی آخری سانسیں لی۔

پولیس نے جائے وقوع سے افنان شفقت کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی تھی اور مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کر لی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024