پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہمارے نہتے کارکن کو قتل کیا، احسن اقبال کا الزام
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگوں نے ہمارے نہتے کارکن کو قتل کیا ہے۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اس غنڈہ گردی کی پرزور مذمت کرتا ہوں جو پی ٹی آئی نے ہمارے برزگ کارکن پر کی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی والے اپنی غنڈہ گردی کی جاگیر کی شکست کو دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، یہ ہمارے سپاہی تھے، ہم نے امن ترقی کی جو تحریک شروع کی ہے یہ اس کے سپاہی تھے۔
احسن اقبال نے بتایا کہ میں ان کو سیاسی شہید کہو گا، یہ اچھے مقصد کے لیے کھڑے تھے اور انہیں اس کی سزا دی گئی، جو قاتل ہیں انشا اللہ قانون سے نہیں بچے سکیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جن کی اشیر باد سے یہ سب کچھ ہو رہا ہے ان کو بھی گرفت میں لے کر آئیں گے ، ظفروال سے ہر قسم کے ظلم اور غنڈہ گردی کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔
واضح رہے کہ آج پنجاب کے ضلع نارووال کے حلقے پی پی 54 کے گاؤں کوٹ ناجو میں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں لیگی کارکن جاں بحق ہوگئے تھے۔
جھگڑے کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے 60 سالہ محمد یوسف شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جان کی بازی ہار گئے۔