• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

مریم نواز کے قافلے کی گاڑی کی مبینہ ٹکر سے نوجوان جاں بحق، حکومتِ پنجاب کا بیان جاری

شائع April 20, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

نارووال میں وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکیورٹی اسکواڈ کی گاڑی اور موٹرسائیکل میں مبینہ ٹکر سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر صوبائی حکومت نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرتارپور پہنچی تھیں اور حادثے کے وقت وہ سیکیورٹی اسکواڈ کے ساتھ سفر نہیں کررہی تھیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بیان میں پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا ہے، حادثے میں ملوث گاڑی کی شناخت اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔

صوبائی حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 18 اپریل کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کرتارپور گئیں، جب نارووال میں نوجوان کی ہلاکت کا حادثہ پیش آیا تو وہ سیکیورٹی اسکواڈ کے ساتھ سفر نہیں کر رہی تھی۔

ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے نوجوان کی موت کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ابتدائی رپورٹس اور عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق 23 سالہ محمد ابوبکر مبینہ طور پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا تھا، یہ گاڑی وزیر اعلیٰ کے پروٹول کی گاڑیوں کا حصہ تھی۔

یہ واقعہ کرتارپور جاتے ہوئے شکر گڑھ روڈ پر چندووال اسٹاپ پر پیش آیا جہاں وزیراعلیٰ نے اسی دن بیساکھی تہوار کی تقریب میں شرکت کی تھی تاہم صوبائی حکومت نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔

محمد ابوبکر کی نماز جنازہ کے بعد انہیں آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

نارووال کے ڈی ایس پی ملک محمد خلیل نے بتایا کہ انہوں نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ابوبکر کو نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے زمین پر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس کے بعد وہ سرکاری گاڑی سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہو گئی۔

ڈی پی او نوید ملک کا کہنا تھا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار کی تلاش جاری ہے تاہم ابھی تک انہیں اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ابوبکر کو ٹکرانے والی سرکاری گاڑی کے ڈرائیور کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

ڈی سی سید حسن رضا نے کہا کہ متوفی کے اہل خانہ کی مالی امداد کے لیے حکومت کو تجویز بھیج دی گئی ہے۔

لیکن مقتول کے کزن علی رضوان نے ڈان کو بتایا کہ حکومت کی طرف سے کسی نے بھی خاندان سے رابطہ نہیں کیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024