ایران پر حملے سے متعلق اسرائیل نے واشنگٹن کو پیشگی وارننگ دی تھی، امریکی میڈیا کا دعویٰ
اسرائیل کی جانب سے آج (19 اپریل کو) ایران کے صوبے اصفہان پر ’میزائل حملوں‘ کے بعد امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ اسرائیل نے امریکا کو ایران پر حملے کے منصوبے سے متعلق پیشگی وارننگ دی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی نشریاتی ادارے این بی سی اور سی این این نے نامعلوم اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل نے امریکا کو ایران پر حملے کے منصوبے سے آگاہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیل نے واشنگٹن کو پیشگی وارننگ دی تھی۔
وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے ابھی تک اسرائیل کے حالیہ حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے اسرائیل کی جانب سے میزائل حملے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے، ایرانی اہلکار کا کہنا تھا کہ امریکی میڈیا کی خبریں درست نہیں ہیں۔’
امریکا نے بتایا اسے اسرائیلی حملے کی ’آخری لمحات‘ میں اطلاع ملی، اطالوی وزیر خارجہ
اٹلی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا نے 7 وزرائے خارجہ کے گروپ کو بتایا کہ اسے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بارے میں ’آخری لمحات‘ میں اطلاع ملی تھی۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے کیپری میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکا نے صبح کے اجلاس میں یہ معلومات فراہم کیں جو حملے سے نمٹنے کے لیے آخری لمحات میں تبدیل کر دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا نے جی 7 وزرا کو بتایا کہ اسے اسرائیل کی طرف سے اس حملے کے بارے میں ’آخری لمحات میں اطلاع‘ دی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’لیکن امریکا کی طرف سے حملے کا کوئی اشتراک نہیں تھا۔ یہ محض ایک اطلاع تھی۔‘
انتونیو تاجانی نے کہا کہ ’ایران میں رہنے والے اطالوی شہریوں سے بات کی گئی اور انہیں کوئی پریشانی نہیں تھی۔‘
پسِ منظر: ایران کا اسرائیل پر حملہ
واضح رہے کہ 13 اپریل کی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 300 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، جسے آپریشن ٹرو پرامس کا نام دیا گیا ہے۔
حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔
شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون حملہ کرنے کے چند دن بعد آج (19 اپریل کو) صیہونی فوج نے دوبارہ کارروائی کرتے ہوئے ایران کے صوبے اصفہان پر میزائل داغ دیے تھے۔
جس پر ایران نے میزائل حملوں سے متعلق امریکی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اصفہان کے فضائی حدود سے تین ڈرونز مار گرائے ہیں۔
ایرانی فوج کے ایک سینئر کمانڈر سیووش میہندوست نے کہا کہ رات بھر ہونے والے حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ اصفہان میں جو زوردار آواز سنی گئی وہ مشکوک اشیا پر فضائی دفاعی فائرنگ کی وجہ سے تھی۔’