بشری بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست دوبارہ بحال، سماعت 22 اپریل کو ہوگی
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی عدم پیروی پر خارج کی گئی درخواست کو دوبارہ بحال کردیا جس پر سماعت 22 اپریل کو ہوگی۔
ڈان نیوز کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی، بشری بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل جبکہ سرکاری وکیل عبد الرحمن عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے دریافت کیا کہ سب جیل کے لوازمات کیا ہیں؟ آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے مرکزی درخواست پیر کو مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کردی، سرکاری وکیل عبد الرحمن نے بھی بشری بی بی کی درخواست بحالی کی مخالفت نہیں کی۔
واضح رہے کہ 16 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیر اعظم و بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی تھی جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ وکلا خود بھی نہیں چاہتے کہ بشری بی بی جیل چلی جائیں۔
بعد ازاں اسی روز سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سب جیل بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی سے متعلق درخواست بحالی کی اپیل دائر کردی تھی
بیرسٹر سلمان صفدر، عثمان ریاض گِل اور خالد یوسف چوہدری نے درخواست دائر کی تھی۔