• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وزیر اعظم سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات، سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

شائع April 16, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، وزیر اعظم نے سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

سعودی وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمن بن عبدل محسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلٰی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔

وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحق ڈار سمیت وفاقی وزرا شریک ہوئے، اجلاس میں تمام وزرا نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا، سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز، سولر پراجیکٹس اور کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہء پاکستان خوش آئند ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، پاکستان، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نئے انتظام کے تحت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے کے لیے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اس کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار اور ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تمام اداروں کے تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔

بعد ازاں سعودی وزیر خارجہ نے اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر اظہار تشکر کیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے مضبوط اور قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مملکت کے عزم سے بھی آگاہ کیا۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کو پی آئی اے، ایئرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران سعودی وفد نے ایپکس کمیٹی سے ملاقات کی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفد کو اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلز کی نجکاری میں بھی جوائنٹ وینچرکی پیشکش کی گئی، ہوٹلز کے لیے زمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ہوگی جب کہ سرمایہ کاری سعودی حکومت کرےگی۔

ذرائع کے مطابق وفد کو تجویز دی گئی کہ سعودی حکومت چاہے تو ہوٹل بنا کر خود چلائے جب کہ اجلاس میں وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔

صدر آصف علی زرداری سے ملاقات

بعد ازاں صدرآصف علی زرداری سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی ملاقات ہوئی جہاں پاکستان اور سعودی عرب نے مضبوط شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینےکے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں، ہم موجودہ تعلقات کو طویل المداتی تزویراتی، اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلی سطح سعودی وفد پاکستان پہنچا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سمیت کابینہ کے اراکین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

اس موقع پر بچوں نے سعودی وزیر کو پھول پیش کیے اور آرمی بینڈ کی جانب سے اسٹیٹک گارڈ کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان درینہ برادرانہ تعلقات ہیں، یہ دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا جب کہ دورہ اقتصادی شراکت داری کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

سعودی عرب کے وفد میں سعودی وزیر برائے پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفادلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024