• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وزیر خارجہ کی زیر سربراہی سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد کی پاکستان آمد

شائع April 15, 2024
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے ایئرپورٹ پر سعودی ہم منصب کا استقبال کیا—فوٹو:ڈان نیوز
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے ایئرپورٹ پر سعودی ہم منصب کا استقبال کیا—فوٹو:ڈان نیوز
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے ایئرپورٹ پر سعودی ہم منصب کا استقبال کیا—فوٹو:ڈان نیوز
وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے ایئرپورٹ پر سعودی ہم منصب کا استقبال کیا—فوٹو:ڈان نیوز
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ— فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لیے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی زیر قیادت سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سمیت کابینہ کے اراکین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر بچوں نے سعودی وزیر کو پھول پیش کیے اور آرمی بینڈ کی جانب سے اسٹیٹک گارڈ کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان درینہ برادرانہ تعلقات ہیں، یہ دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا جب کہ دورہ اقتصادی شراکت داری کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

سعودی عرب کے وفد میں سعودی وزیر برائے پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفادلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام شامل ہیں۔

یہ دورہ بنیادی طور پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم محمد بن سلمان کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران دو طرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں طے پانے والی مفاہمت کو تیز کرنے کے لیے ہو رہا ہے۔

سعودی وفد کی صدر مملک آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ محمد اورنگزیب اور ہم منصب وزرا، چیف آف آرمی اسٹاف اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

اس دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مثبت تحریک دینا ہے۔

واضح رہے کہ چند دن قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کیا تھا اور اس دوران عمرے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ روضہ رسولﷺ پر حاضری کا شرف بھی حاصل کیا تھا۔

دورے کے دوران وزیر اعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی اور انہیں ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی تھی۔

گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران شہباز شریف نے کہا تھا کہ ابھی ہم سعودی عرب سے واپس لوٹے ہیں اور جلد ہی سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، یہ سعودی حکومت اور عوام کی پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت کی عکاس ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024