ماں بننے کے بعد صبر کرنا آگیا ہے، شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا کا انٹرویو

شائع April 13, 2024
فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ ماں بننے کے بعد ان کو صبر کرنا آگیا ہے، زندگی میں پیسا اور نام سب سے اہم نہیں بلکہ یہ اہم ہے کہ کون مشکل میں ساتھ کھڑا ہے۔

ثانیہ مرزا نے سابق کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد پہلا انٹرویو برطانوی نشریاتی ادارے (ہندی) کو دیا۔

زندگی کے اہم موڑ سے متعلق سوال پر ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’دنیا میں آپ کو ہر کوئی پسند نہیں کرسکتا، آپ کو اپنی فیملی میں ہر کوئی پسند نہیں کرسکتا تو دنیا میں کیسے کریں گے، سب کی الگ رائے، پسندیدگی اور ناپسندیدگی ہوتی ہیں۔‘

انہوں نے بظاہر سوشل میڈیا تنقید پر بات کرتےہوئے کہا کہ وہ انہیں ’پرسنل اٹیک‘ کے طور پر نہیں لیتیں۔

آخری 10 سالوں میں اپنے اندر تبدیلی سے متعلق سوال پر ٹینس اسٹار نے کہا کہ ماں بننے کے بعد انہیں صبر کرنا آگیا ہے۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ عمر کے ساتھ ساتھ صبر کرنا آجاتا ہے لیکن خاص طور پر جب آپ ماں بنتے ہیں تو صبر کے علاوہ کوئی چارا نہیں ہوتا اور اس تبدیلی پر مجھے خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل بہت جذباتی ہوا کرتی تھیں لیکن اب وہ کوئی بھی فیصلہ کرنے اور بولنے سے پہلے بہت زیادہ سوچتی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ زندگی میں پیسا اور نام سب سے زیادہ اہم نہیں ہے بلکہ یہ اہم ہے کہ کون مشکل میں ساتھ کھڑا ہے۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ حقیقت سے ہمیشہ قریب رہنا چاہیے، ایسے لوگ ہمیشہ ساتھ ہونے چاہیے جو سچ بولیں، پیسا اور شہرت لگژری ہیں لیکن یہ سب سے اہم چیزیں نہیں ہیں سب سے اہم یہ ہے کہ کون مشکل میں ساتھ کھڑا ہے۔

ٹینس اسٹار نے کہا کہ اسپورٹس میں اچھے اور بُرے وقت دونوں آتے ہیں، ناکام ہونے کی صورت میں آپ دوبارہ کھڑے ہوتے ہیں، یہی اصول زندگی میں بھی اپلائی ہوتا ہے، بُرے دن اور اچھے دن بھی ہمیشہ کے لیے نہیں رہتے لیکن جب بُرا وقت آتا ہے تو آپ اگلے روز اسے بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اپریل 2010 میں شادی کی تھی، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

دونوں اسٹارز کے درمیان علیحدگی اور طلاق کی افواہیں ابتدائی طور پر دسمبر 2022 میں سامنے آئی تھیں۔

20 جنوری 2024 کو شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کی تصاویر شئیر کرکے دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھنے کی تصدیق کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024