• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

بلوچستان: کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارشیں، آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق

شائع April 12, 2024
—فوٹو: عبدللہ زہری
—فوٹو: عبدللہ زہری

بلوچستان میں کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، محکمہ موسمیات نے صوبے میں مزید برسات کی پیش گوئی کی ہے۔

سرکاری خبررساں ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی، علاوہ ازیں تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

کوئٹہ میں آج شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مٹی کے طوفان نے قلات میں بھی تباہی مچا دی، جس سے علاقے میں حدِ نگاہ بھی متاثر رہی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل جہانزیب خان کی جانب سے شیئر کی گئی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ ضلع سوراب میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ چمن، چاغی، نوشکی، سوراب، خضدار، کوئٹہ اور گردونواح میں بارش ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے اپنے ضلعی سطح کے ہم منصبوں اور دیگر متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہے۔

شہریوں سے احتیاط تدابیر اپنانے کی اپیل

پی ڈی ایم اے نے ایک بیان میں کہا کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی صوبے میں بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی، مغربی ہوائیں آج سے 14 اپریل (اتوار) تک بیشتر اضلاع میں بارش کا سبب بنیں گی۔

اس کے نتیجے میں جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، حب، کیچ، پنجگور، تربت، آواران، قلات، سوراب، چاغی، نوشکی، مستونگ، کوئٹہ، چمن، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، دکی، لورالائی، ہرنائی، ژوب، شیرانی، سبی اور موسیٰ خیل کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور بجلی کے آلات سے دور رہیں، چھوٹے بچوں، بوڑھوں اور معذوروں کا خاص خیال رکھیں اور موجودہ موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ گہرے پانیوں اور ڈیموں کے قریب جانے سے گریز کریں، گاڑیاں چلانے والے شہری بارش کے دوران محفوظ جگہ پر پناہ لیں یا سست رفتاری سے گاڑی چلائیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مویشیوں کے لیے حفاظتی انتظامات کیے جائیں، نالوں کو صاف رکھا جائے، کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات کی صورت میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر، ڈسٹرکٹ لیویز کنٹرول روم یا پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے رابطہ کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024