امریکا: عید کے موقع پر فلاڈیلفیا کے پارک میں فائرنگ، 5 مشتبہ افراد گرفتار
امریکا کے شہر فلاڈیلفیا کے پارک میں عید کے موقع پر ہونے والے بڑے اجتماع کے دوران فائرنگ کا واقع پیش آیا جس کے بعد 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق فلاڈیلفیا کے پولیس کمشنر کیون بیتھل نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ بدھ کی دوپہر فائرنگ کا واقعہ کلارا محمد اسکوائر پر دوپہر تقریباً 2:30 بجے پیش آیا جہاں تقریباً ایک ہزار لوگ جمع تھے۔
ایک خاتون نے مقامی ٹی وی اسٹیشن کو بتایا کہ رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر عید الفطر کے موقع پر ہونے والے اجتماع میں خاندان، بچے اور بوڑھے لوگ شریک تھے، لان میں کرسیاں، پکنک ٹیبل اور کھلونے لگائے گئے تھے، بچے کھیل کے میدان میں بھاگ رہے تھے جبکہ والدین دوستوں کے ساتھ گپ شپ کرنے میں مشغول تھے کہ اس دوران گولیوں کی آواز آئی جس سے بڑے پیمانے پر خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی، لوگ اپنی جان بچانے کے لیے جھک گئے اور اہل خانہ اپنے پیاروں کو لے کر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔
کمشنر نے کہا کہ پارک میں موجود دو گروپوں نے فائرنگ شروع کی لیکن پولیس کو یقین ہے کہ فائرنگ کا تعلق مذہبی جشن سے نہیں تھا۔
کمشنر کیون بیتھل نے بتایا کہ افسران نے بھگدڑ کے دوران 3 مشتبہ مرد اور ایک خاتون کو روکا اور ان سے 4 ہتھیار برآمد کیے، ان 4 مشتبہ افراد میں سے 3 لوگ نابالغ تھے، اس کے علاوہ ایک اور افسر نے 15 سالہ مشتبہ نوجوان کو اس کے کندھے اور ٹانگ میں گولیاں مار کے روکا اور اس سے بھی ایک ہتھیار برآمد کیا، بعد ازاں اس مشتبہ شخص کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کیون بیتھل کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کو پیٹ میں گولی لگی اور ایک نابالغ کو ہاتھ پر گولی لگی، ان دونوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فائرنگ کے واقعے سے آس پاس کی مسلم برادری میں خوف و ہراس پھیل گیا جن کے ارکان نے سی این این کو بتایا کہ وہ مایوس ہیں کہ ان کے مذہب کے مقدس ترین دنوں میں سے ایک دن کا اختتام تشدد پر ہوا۔