وزیر اعظم کا برادر اسلامی ممالک کے سربراہان کو فون، عید کی مبارکباد دی
وزیر اعظم شہباز شریف نے برادر اسلامی ممالک کے سربراہوں کو ٹیلی فون کر کے عید کی مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اومان کے سلطان حاتم بن طارق کو عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں موجود تعاون کی وسیع استعداد پر روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے پاک-اومان ادارہ جاتی اور اقتصادی روابط کے فروغ و مضبوطی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و بھائی چارے کے فروغ کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری ظلم و جبر کے خاتمے کی دعا کی۔
سلطان حاتم بن طارق نے بھی وزیراعظم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں راہنمائوں نے اقتصادی تعاون کے ثمرات سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور دو طرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اومانی سلطان کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، سلطان حاتم بن طارق نے بھی وزیراعظم کو اومان کے دورے کی دعوت دی۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کو بھی فون کیا اور عیدالفطر کی مبارکباد دی۔
دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پاکستان اور ترک عوام کے لیے امن، خوشحالی اور اتحاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ بنیادی قومی مفادات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں قیام امن پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے صدر ایردوان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قطر کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا عزم دہرایا۔
امیرقطر نے عیدکی مبارکباد کا پرتپاک جواب دیتے ہوئے پاکستان کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، امیرقطر نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان کا جلد دورہ کرنا چاہتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں مل کر کام کرنے اور تعاون کو مزید بڑھانے کا عزم دہرایا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک میں آج عید الفطر منائی جائے گی، تاہم بھارت اور بنگلا دیش میں چاند نظر نہیں آیا جہاں عید الفطر جمعرات کو منائی جائے گی۔