• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ کو عید الاضحٰی پر ریلیز کرنے کا اعلان

شائع April 9, 2024
—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

طویل عرصے سے خبروں میں رہنے والی سائنس فکشن فلم ’عمرو عیار‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

ابتدائی طور پر نومبر 2021 میں ’عمرو عیار‘ کا موشن ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے 2022 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ایسا نہ ہوسکا تھا۔

موشن ٹیزر کے ایک سال بعد جون 2023 میں فلم کا پہلا مختصر ٹیزر جاری کیا گیا تھا اور اب ایک سال بعد اس کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے بڑی عید پر پیش کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر میں عثمان مختار کو مرکزی کردار عمرو عیار کے طور پر دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ عدنان صدیقی ان کے والد ہوتے ہیں جو انہیں بچپن میں انہیں خصوصی صلاحیتوں اور طاقتوں سے متعلق قصے کہانیاں بتاتے ہیں۔

ٹریلر میں عثمان مختار کو کالج کے پروفیسر کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے، جہاں تمام طالب علم جنوں اور بھوٹوں کی کہانیوں پر چہ مگوئیاں کرتے دکھائی دیتے ہیں اور عثمان مختار ان پر غصہ کرتے نظر آتے ہیں۔

فلم میں صنم سعید کو بھی اہم کردار میں دکھایا گیا ہے، انہیں عمرو عیار کے ساتھی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

ٹریلر میں حمزہ علی عباسی، سیمی راحیل، ثنا نواز اور منظر صہبائی سمیت تقریبا تمام کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

ٹریلر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی شائقین طویل عرصے بعد کسی پاکستانی سائنس فکشن فلم میں جدید ٹیکنالوجی اور افیکٹس کا استعمال بھی دیکھیں گے۔

ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے فلم کو رواں برس عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

’عمرو عیار‘ کی کاسٹ میں عثمان مختار، صنم سعید، فاران طاہر کے علاوہ علی قاضی، عدنان صدیقی، سیمی راحیل، ثنا فخر، منظر صہبائی، دانیال راحیل اور سلمان شوکت سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

یہاں یہ بات واضح رہے کہ ’عمرو عیار‘ فلم کی کہانی ہزار سالہ قدیم مسلم ادب ’داستان امیر حمزہ‘ میں شامل اسی نام کے کردار کی کہانی پر مبنی ہے۔

’داستان امیر حمزہ‘ کو ایک ہزار سال پرانا اسلامی ادبی نسخہ مانا جاتا ہے جو کہ عربی اور فارسی کے بعد مغل بادشاہوں کے دور میں اردو ادب میں ترجمے کی صورت میں شامل ہوا۔

’داستان امیر حمزہ‘ میں متعدد فکشنل جادوئی کرداروں کی کہانیاں شامل ہیں، جن میں ’عمرو عیار‘ کا قصہ بھی شامل ہے۔

’عمرو عیار‘ کے کردار کو متعدد ڈراموں اور فلموں میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم پہلا موقع ہے کہ اسی کردار پر پاکستانی فلم بنائی گئی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024