• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

بچے کو گھر پر چھوڑ کر نیند کرنے شوہر کے ساتھ بیرون ملک جاتی ہوں، صرحا اصغر

شائع April 8, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ماڈل و اداکارہ صرحا اصغر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر نیند مکمل کرنے کے لیے بچے کو گھر پر والدہ کے ہاں چھوڑ کر بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔

صرحا اصغر کے ہاں نومبر 2022 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد وہ کچھ عرصے کے لیے اسکرین سے دور تھیں لیکن اب ان کی اسکرین پر واپسی ہوئی ہے۔

حال ہی میں انہوں نے ایک ٹی وی شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ رمضان المبارک میں وہ گھر پر افطاری تیار نہیں کرتیں بلکہ ان کے شوہر کرتے ہیں اور وہ اچھا کھانا بنالیتے ہیں۔

صرحا اصغر کا بتانا تھا کہ ان کے گھر میں کوئی بھی چائے نہیں پیتا، اس لیے وہ بھی چائے نہیں پیتیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر انہیں کسی اداکار کے ساتھ پوری زندگی کام کرنا پڑے تو وہ فواد خان کے ساتھ ساری عمر کام کریں گی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شوٹنگ کے دوران ایک سینیئر اداکارہ نے انہیں پیشانی کی میک اپ سرجری کرانے کا مشورہ دیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ سینیئر اداکارہ نے انہیں کہا کہ ان کی پیشانی پر لائنیں بن جاتی ہیں، اس لیے وہ فلر کروالیں۔

صرحا اصغر نے میک اپ پراسیجر کروانے کا مشورہ دینے والی اداکارہ کا نام نہیں بتایا، تاہم دعویٰ کیا کہ مذکورہ اداکارہ نے خود بھی میک اپ سرجری کرا رکھی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں صرحا اصغر نے انکشاف کیا کہ بچے کی پیدائش کے بعد وہ اور ان کے شوہر نیند مکمل کرنے کے لیے بیرون ملک چلے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچے کی پیدائش کے بعد ان کی نیند مکمل نہیں ہوتی، اس لیے وہ اور ان کے شوہر ہر تین ماہ بعد بچے کو والدہ کے پاس چھوڑ کر بیرون ملک نیند کرنے جاتے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہی وہ بچے کو والدہ کے پاس چھوڑ کر ترکیہ چلے گئے تھے اور وہ وہاں پورا وقت سوتے رہے۔

صرحا اصغر کا کہنا تھا کہ نیند مکمل کرنے کے لیے وہ چاہتے ہیں کہ ان کا بچہ ان کے آس پاس نہ ہو، اس لیے وہ اپنے ملک کے کسی دوسرے شہر کے بجائے بیرون ملک نیند مکمل کرنے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ صرحا اصغر نے دسمبر 2020 میں عمر لالا سے خاموشی سے شادی کی تھی اور نومبر 2022 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024